ہندوستان میں خود غربت و پسماندگی کا مسئلہ : جی کشن ریڈی
حیدرآباد 2 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) بی جے پی رکن اسمبلی جی کشن ریڈی نے آج کہا کہ ملک میں ان بیرونی شہریوں کو پناہ نہیں مل سکتی جو یہاں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود ہندوستان کو آج بھی غربت اور پسماندگی کے مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیرونی شہری جو حیدرآباد میں مقیم ہیں انہیں ان کے ملک کو واپس بھیجا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہوں یا برما کے لوگ ہوں جو غیر قانونی طور پر یہاں پہونچ رہے ہیں انہیں پناہ گزین نہیں کہا جاسکتا ۔ خود ہمارے ملک میں غربت ہے ۔ یہاں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ ہندوستان بیرونی ممالک کے کروڑوں افراد کو پناہ نہیں دے سکتا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ کشمیری پنڈتوں کو جب ان پر حملے کئے گئے تھے خیموں میں زندگی گذارنی پڑی تھی ۔ انہوں نے جاننا چاہئے کہ کس بنیاد پر روہنگیائی باشندے شہر میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس نے یہاں مقیم کچھ افراد کے دہشت گردوں سے روابط کا بھی پتہ چلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان بیرونی افراد کی شناخت کی جائے اور انہیں ان کے ممالک کو بھیجا جائے ۔