غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائیگا

فرائض سے تغافل پر دو اہلکار معطل ‘ جے کرشنا راؤ کا اعلان
حیدرآباد۔ یکم نومبر ( این ایس ایس ) وزیر پنچایت رات و دیہی ترقیات جے کرشنا راؤ نے آج اپنے محکمہ کے دو ارکان عملہ کو معطل کرنے کا حکم دیا کیونکہ انہوں نے ایک غیر قانونی چار منزلہ عمارت کا پتہ چلانے میں اپنے فرائض کے تغافل کے مرتکب تھے ۔ یہ عمارت میڑچل ملکاجگری ضلع میں واقع ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک موجودہ اور ایک سابقہ وی آر او کو معطل کرنے کے علاوہ ایگزیکیٹیو آفیسرس کو بھی چارچ میمو جاری کئے ۔ وزیر موصوف نے اس گاؤں کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ اسٹاف کی جانب سے غیر قانونی لے آوٹس اور ڈھانچوں کی بلا اجازت تعمیر کی حوصلہ افزائی کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت اس طرح کی بدعنوانیوں کو برداشت نہیں کریگی ۔ کرشنا راؤ نے ڈی پی او کو ہدایت دی کہ وہ غلط کاریوں کے مرتکب ارکان عملہ کے خلاف کارروائی شروع کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس طرح کے غیر قانونی ڈھانچوں اور عمارتوں کی فہرست پیش کریں جو بلا اجازت تعمیر کئے گئے ہیں۔ وزیر موصوف نے قوانین کی خلاف ورزی کو باقاعدہ نگرانی کے فقدان کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ عہدیداروں کی بلڈرس سے ملی بھگت سے بھی ایسا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عمارتوں پر جرمانے عائد کرنے کے قوانین میں تبدیلیاں کی جائیں گی ۔