غیر ضروری آپریشنس سے گریز کی ہدایت

ذمہ دار دواخانوں کے خلاف کارروائی ۔ ہریش راؤ کا انتباہ
حیدرآباد 3 جون ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ میں ایک دواخانہ میں کے سی آر کٹس کی تقسیم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے خبردار کیا کہ ان دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی جو غیر ضروری آپریشنس کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کے سی آر کٹس پروگرام کا آغاز کیا ہے جو ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے ۔ جو کٹس حکومت تقسیم کر رہی ہے وہ زچہ اور بچہ دونوں کیلئے تین ماہ تک موثر اور کارکرد ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں کو چاہئے کہ وہ غیر ضروری آپریشن سے زچگی کرنے کا طریقہ کار ترک کریں کیونکہ اس سے مریضوں کو نقصان ہو رہا ہے اور مسائل درپیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ خانگی اور کارپوریٹ دواخانہ غیر ضروری آپریشن کر رہے ہیں تاکہ رقومات بٹوری جاسکیں۔ یہ درست نہیں ہے اور غیر انسانی عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کی بدعنوانیوں کو دواخانوں میں روکنے پر توجہ کر رہی ہے ۔ ڈاکٹرس اور دوسرے عملہ کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہونا چاہئے نہ کہ رقم کیلئے ان کا خون چوسنا ۔ ہریش راؤ نے اعلان کیا کہ وہ سدی پیٹ سرکاری ہاسپٹل میں بہت جلد ایک ڈائیلاسیس سنٹر بھی قائم کرینگے ۔ انہوں نے سابقہ کانگریس حکومت پر سرکاری دواخانوں کی حالت کو ابتر کردینے اور ان سے مسلسل لا پرواہی برتنے کا الزام عائد کیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اقتدار پر آنے کے بعد سے تمام سرکاری دواخانوں کی صورتحال کو بہتر بنا رہی ہے اور وہ عام آدمی کو نگہداشت صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر بھی توجہ کر رہی ہے ۔