غیر سرکاری تنظیموں کیخلاف معاشی تحدیدات کی کارروائیوں کا آغاز

گجرات میں کارروائی،کھاتوں کی جانچ، مرکزی حکومت کی این سی آر اے پر بھی نظر

حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ملک بھر میں موجود غیر سرکاری تنظیموں کے خلاف معاشی تحدیدات کی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت کا ادعا ہے کہ ملک میں موجود غیر سرکاری تنظیمیں بیرونی ممالک سے عطیات حاصل کرتے ہوئے بدعنوانیوں کی مرتکب ہورہی ہیں۔ سابقہ یو پی اے حکومت کے دوران بیرونی زرمبادلہ قانون کے تحت بیرونی ممالک سے عطیات حاصل کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کی تنقیحات کا سلسلہ جاری تھا لیکن مرکز میں نریندر مودی حکومت کی تشکیل کے بعد گجرات میں خدمات انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ حکومت گجرات نے ممتاز سماجی جہدکار تیستا سیتلواد کی تنظیم پر الزام عائد کیاکہ بیرونی ممالک سے حاصل ہونے والے عطیات کا تیستا غلط استعمال کررہی ہیں۔ ان الزامات کے بعد تیستا کی تنظیم کے کھاتوں کی جانچ کا آغاز ہوگیا۔ اِسی طرح نکھل ڈے نامی سماجی جہدکار جوکہ کارپوریٹ اداروں کی بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے جانے جاتے ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت صرف کارپوریٹ اداروں کی بات مانتے ہوئے اقدامات میں مصروف ہے۔ ہندوستان میں موجود غیر سرکاری تنظیموں کی تعداد کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ 2009 ء تک ملک بھر میں 10331 ایسی غیر سرکاری تنظیمیں رجسٹرڈ ہیں جنھیں بیرونی عطیات حاصل کرنے کے باوجود اپنی تنظیموں کے حساب حکومت کو پیش نہیں کئے ہیں۔ فارن کانٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کے تحت بیرونی ممالک کے چندے لینے والے اداروں کے خلاف کارروائی کا موجودہ حکومت نے آغاز کردیا ہے اور 3 مارچ کو 1142 غیر سرکاری تنظیموں کے صرف آندھراپردیش میں ایف سی آر اے لائسنس منسوخ کردیئے گئے اور جنھیں 30 سپٹمبر 2014 ء تک جواب داخل کرنے کی نوٹس جاری کی گئی تھی۔ ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ میں اِس طرح کی مزید کئی تنظیمیں موجود ہیں جو ایف سی آر اے رکھتے ہوئے بین الاقوامی فنڈس حاصل کرتی ہیں اور اِن کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایف سی آر اے رکھنے والی تنظیموں کی مکمل فہرست کے ساتھ ساتھ اُنھیں حاصل ہونے والے فنڈس کی بھی جانکاری رکھی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت نے 9 اپریل 2015 ء کو ماحولیات کے تحفظ کے لئے خدمات انجام دینے والی بین الاقوامی تنظیم گرین پیس کے انڈین چیاپٹر گرین پیس انڈیا کے تمام 7 بینکوں میں موجود اکاؤنٹس کو منجمد کردیا ہے۔ جبکہ مذکورہ تنظیم کے ذمہ دار عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے گرین پیس انڈیا کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے علاوہ خدمات کو روک دینے کی ہدایات غیرقانونی ہیں۔