نئی دہلی ۔ یکم / مئی (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ روز اضافہ کے بعد غیر سبسیڈی یافتہ پکوان گیس اور غیر پی ڈی ایس کیروسین کے علاوہ ہوا بازی کے ٹربائین ایندھن (اے ٹی ایف) کی قیمتوں میں عالمی رجحانات کو ملحوظ رکھتے ہوئے آج اضافہ کردیا گیا ۔ پٹرول کی قیمت میں کل رات 1.06 روپئے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا ۔ جس کے بعد غیر پی ڈی ایس کیروسین کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ چنانچہ راشن کارڈ کے بغیر فی لیٹر کیروسین جو 46.1 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جارہا تھا اب اس کی فی لیٹر قیمت 49.1 روپئے ہوگئی ہے ۔ اس کے ساتھ تیل فروخت کرنے والی کمپنیاں سالانہ 12 ایل پی جی سیلنڈرس کا کوٹہ ختم ہونے کے بعد خریدے جانے والے 14.2 کیلو گرام کے ایک سیلنڈر کی قیمت میں 18 روپئے کا اضافہ کی ہیں۔ ایل پی جی سیلنڈرس کی قیمت میں لگاتار تین ماہ تک کمی کی جارہی تھی جس کے بعد آج یہ اضافہ کیا گیا ہے۔ طیاروں میں استعمال کئے جانے والے ایندھن (اے ٹی ایف) کی قیمت میں 1.5 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں یکم ؍ مارچ کو اے ٹی ایف کی قیمت میں 12 فیصد کا بھاری اضافہ کیا گیا تھا۔ تاہم 10 مارچ کو محصول میں تبدیلی کے سبب اے ٹی ایف کی قیمت میں کمی بھی کی گئی تھی۔ ایندھن فروخت کرنے والی تین بڑی کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن، ہندوستانی پٹرولیم اور بھارت پٹرولیم گذشتہ ماہ کے دوران تیل کی بین الاقوامی مارکٹ کی قیمتوں کے اوسط کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس جیسی اشیاء کی قیمتوں پر نظرثانی کیا کرتی ہیں۔