غیر سبسڈی والے گیس سلینڈر کی قیمت میں 113 روپئے کی کمی

نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) غیر سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں آج بھاری کٹوتی کی گئی ۔ اس سلینڈر کی قیمت میں فی سلینڈر 113 روپئے کی کمی کی گئی ہے جبکہ جیٹ فیول کی قیمت میں 4.1 فیصد کی کمی کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے آج اعلان کیا کہ غیر سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں 113 روپئے کی کمی کی گئی ہے اور اب یہ قیمت دہلی میں سابقہ قیمت 865 روپئے فی سلینڈر کی بجائے 752 روپئے ہوگی ۔ غیر سبسڈی والے گیس سلینڈرس کی قیمت میں یہ مسلسل پانچویں کمی ہے ۔ ملک میں پکوان گیس صارفین کو سالانہ 12 سلینڈرس سبسڈی قیمت پر فراہم کئے جاتے ہیں اور اس کے بعد ہر سلینڈر مارکٹ قیمت پر خریدنا پڑتا ہے ۔ پانچ ماہ سے اب تک کی گئی مسلسل کمی کے نتیجہ میں اب تک پکوان گیس کے ان سبسڈی سے پاک سلینڈرس کی قیمت میں جملہ 170 روپئے کی کمی آئی ہے ۔ اس طرح یہ قیمتیں گذشتہ تین سال میں سب سے کم ہیں۔ اسی طرح ہوابازی ٹربائین فیول یا جیٹ فیول کی قیمت میں بھی 2,594 روپئے فی کیلولیٹر کی کمی کی گئی ہے جو جملہ قیمت کا 4.1 فیصد ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یکم نومبر کو بھی اس قیمت میں 7.3 فیصد تک کی کٹوتی کی گئی تھی ۔ جاریہ سال اگسٹ سے اب تک اے ٹی ایف کی قیمت میں جملہ 14.4 فیصد کی کمی ہوئی ہے جو ہندوستانی روپئے میں 10,218 روپئے فی کیلو لیٹر تک ہوتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تیل مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی درج کی جا رہی ہے اور ہندوستانی روپئے کی قدر میں بھی ڈالر کے مقابلہ میں قدرے استحکام پیدا ہوا ہے جس کے بعد اندرون ملک قیمتوں میں یہ کمی آئی ہے ۔