جزیرہ مارگریٹا ۔ /15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردی کو انسانی حقوق کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے آج 120 رکنی غیرجانبدار تحریک سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے بارے میں ایک ورکنگ گروپ قائم کیا جائے تاکہ عالمی امن ، استحکام اور خوشحالی کا تحفظ کیا جاسکے ۔ دہشت گردی کی راست یا بالواسطہ تائید کو قطعی برداشت نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجی امور ایم جے اکبر نے غیرجانبدار تحریک کی 17 ویں چوٹی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ سمجھنا ناواقفیت کا ثبوت ہوگا کہ دہشت گردوں کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا متحدہ مقابلہ ضروری ہے ۔