غیر تجربہ کار کمپنی کے سبب طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ: جیون ریڈی

کے ٹی آر اور کویتا کے فرزند سے ناانصافی پر کیا حکومت خاموش رہتی؟
حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ غیر تجربہ کار گلوبرینا کمپنی کو انٹرمیڈیٹ پرچہ جات کی ذمہ داری دیئے جانے کے سبب ہزاروں طلبہ کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے میگنیٹک نامی کمپنی نے طلبہ کے نشانات جاری کئے تھے اور اس مدت کے دوران کوئی مسائل پیدا نہیں ہوئے لیکن اب تجربہ کار کمپنی کو ہٹاکر ایک غیر تجربہ کار ادارہ کو ذمہ داری دی گئی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر ، جگدیش ریڈی اور کویتا کے فرزندان کے ساتھ اگر اسی طرح کی ناانصافی ہوتی تو کیا حکومت خاموش رہتی۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف دفعات 306 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے عہدیداروں کو سخت سزا دی جائے جنہوں نے ہزاروں طلبہ کے سرپرستوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کو برخواست کرنے کے بجائے چیف منسٹر کو برخواست کرنے کی ضرورت ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر سرکاری اداروں میں بے قاعدگیوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ اسی دوران سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامار کا نے مطالبہ کیا کہ گلوبرینا کمپنی کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کرائی جا ئے ۔ انہوںنے الزام عائد کیا کہ حکومت میں شامل افراد کے کمپنی سے قریبی روابط ہو۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں اس کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا اس کے باوجود تلنگانہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا کام حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل ایک اہم شخصیت کے مفادات کی تکمیل کیلئے اس ادارہ کا تحفظ کیا گیا۔