غیر آباد مسجد میں نماز کی ادائیگی ‘ پولیس نے مقدمہ درج کیا

حیدرآباد۔ 3 مئی (سیاست نیوز) گولکنڈہ میں گنبدان قطب شاہی سے متصل غیرآباد مسجد کو آباد کرنے جمع ہونے والے مقامی افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ آج 10:45بجے دن جبکہ پولیس اور محکمہ مال کی جانب سے وقف اراضی کا سروے کیا جارہا تھا کہ مقامی رکن اسمبلی کوثر محی الدین اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم وہاں پہنچ گئے ۔ اس موقع پر 200 سے زائد مقامی افراد جمع ہوگئے اور مسجد کو آباد کرنے کی غرض سے نماز ظہر کی ادائیگی کیلئے اصرار کرنے لگے۔ پولیس نے نماز کی ادائیگی سے روکنے کی کوشش کی لیکن 40 تا 50 افراد بشمول کارپوریٹرس اور بعض رپورٹرس نے مسجد میں داخل ہوکر نماز ادا کی۔ سب انسپکٹر گولکنڈہ آر کوٹیش نے عوام کے مسجد میں داخل ہونے کے خلاف از خود کارروائی کرکے ایک شکایت درج کرائی اور بتایا کہ اسد، عرفان قادری، سمیع، شکیل علی خان، اسد ساکن فتح دروازہ، اعجاز ربانی (کارپوریٹر)، فراز (کارپوریٹر)، عزیز خان پٹھان، تحسین، وسیم، فیاض، الیاس شمسی، السلیم ساکن ٹپہ چبوترہ، کلیم قیصر، آصف، سلیم بیگ، مظفر علی خان، جاوید، قریشی، لطیف، محمد شکیل، سراج پٹہ دار، نواب ذوالفقار یار خان جملہ 24 افراد اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے اس ضمن میں تعزیرات ہند کی دفعات 143، 145، 448، 188، 151، 353 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔