غیرملکی جیلوں میں 48 ہندوستانی میعاد کی تکمیل کے بعد بھی قید میں

نئی دہلی۔20ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر کی جیلوں میں 48ہندوستانی شہری اب بھی قید میں ہیں حالانکہ اُن کی سزائے قید کی معیاد مکمل ہوچکی ہے ۔ ان میں سے 40 بنگلہ دیش میں ہیں ‘دستیاب معلومات کے مطابق 48ہندوستانی شہری اپنی سزا کی معیاد مکمل کرچکے ہیں اور غیر ملکی جیلوں اور ہندوستان کی تحویل میں دینے کے مراکز پر زیرحراست ہیں ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ راجیہ سبھا کی تیقن کمیٹی نے اس سلسلہ میں معلومات طلب کی تھیں۔48میں سے 40بنگلہ دیش کی مختلف جیلوں میں ہیں ‘ 5میانمار کی جیل میں اور 2 بحرین کے تحویل مرکز پر اور ایک ملائیشیا کے تحویل مرکز پر زیر حراست ہیں ۔ انہیں وطن واپس لانے میں تاخیر کی وجوہات کے بارے میں وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی سفارت خانوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں ۔