غیرمسلم ممالک میں بھی عیدالفطر جوش و خروش سے منائی گئی

واشنگٹن ؍ لندن ؍ دمام ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں عیدالفطر کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ خصوصی طور پر ایسے ممالک جہاں مسمانوں کی اکثریت نہیں ہے وہاں بھی عیدالفطر کے اجتماعات قابل دید تھے۔ فلپائن، نیپال، سری لنکا، سنگاپور، جاپان اور چین کے مسلمانوںنے اپنے روایتی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ نماز عید کے بعد خطبہ اور اس کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ سب سے بڑا مجمع کولمبو کی مسجد میں دیکھا گیا جہاں ہندوستان کی طرح غیرمسلموں نے بھی مسجد سے نکلنے والے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ مسلمانوں نے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کی روایتی میٹھے سے تواضع کی جو شیرخرمے سے ملتا جلتا ہوتا ہے۔ البتہ روہنگیا مسلمانوں کی عید اس سال بھی غریب الوطنی اور خوف و ہراس کے سائے میں گزری۔