غیرمسلم طلباء کو ناشتہ اور لنچ نہیں دیا جارہا ہے

رمضان میںعلیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی پابندیوں پر اے بی وی پی کا احتجاج
علیگڑھ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہاسٹلوں میں مقیم غیرمسلم طلباء کو رمضان کے دوران ناشتہ اور لنچ سربراہ بند کرنے کی شکایت کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے اے بی وی پی اور بی جے وائی ایم قائدین نے آج الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی کے ہاسٹلس میں غیرمسلم طلبہ کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مقدس ماہ کے دوران طلب پر کسی بھی مذہب کے طلباء کو لنچ فراہم کیا جاتا ہے۔ بی جے وائی ایم لیڈر ونئے ورسانے نے کل الزام عائد کیا تھا کہ ہندو ہاسٹل مکینوں کو ناشتہ اور لنچ نہیں دیا جارہا ہے۔ یونیورسٹی حکام بالواسطہ طور پر ہندوؤں کو بھی رمضان کے دوران روزہ رکھے کے پابند بنارہے ہیں، تاہم علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے حکام نے کہا کہ جو طلباء رمضان کے ایک ماہ کے دوران روزہ نہیں رکھتے، انہیں بھی لنچ فراہم کیا جارہا ہے۔ رمضان کے ابتدائی چند دن کچھ رکاوٹیں ہوتی ہیں لیکن ہاسٹل میں رہنے والوں کے لئے ہمیشہ سے ہی یہ روایت رہی ہے کہ چاہے وہ مسلم ہوں یا غیرمسلم، انہیں مانگنے پر دوپہر کا کھانا دیا جائے۔ یونیورسٹی کے سینئر عہدیدار نے بھی توثیق کی ہے کہ اس معاملے پر وزارت فروغ انسانی وسائل نے رپورٹ طلب کی ہے۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی وائس چانسلر کے میڈیا مشیر جسیم محمد نے کہا کہ کل اس سلسلے میں شکایت ملنے کے بعد وائس چانسلر نے تحریری ہدایت جاری کی کہ کوئی بھی طالب علم جو روزہ نہ رکھے، اسے فوری ڈائننگ ہال کے ذمہ داروں کو اطلاع دینی چاہئے جس پر وہ کھانا فراہم کریں گے۔