حیدرآباد۔ یکم فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی بلدیات بشمول گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں غیر مجاز تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کی مہلت میں توسیع دینے کے علاوہ ریاست بھر میں بشمول حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی حدود میں پائے جانے والے غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کی مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع دینے کا حکومت کے فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں آج شب باقاعدہ طور پر جی او نمبر 34اور جی او نمبر 33 جاری کیا گیا ہے ۔ جاری کردہ جی اوز میں بتایا گیا کہ غیر مجاز تعمیرات اور لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے دی گئی مہلت گذشتہ دن یعنی 31 جنوری کو ختم ہوگئی تھی لیکن مختلف سطح پر کی گئی متعدد نمائندگیوں کے پیش نظر حکومت نے غیر مجاز تعمیرات اور غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے یکم مارچ تک مہلت میں توسیع دیتے ہوئے جی اوز جاری کی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ روز جہاں غیر مجاز تعمیرات اور غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ ختم ہوگئی تھی مزید توسیع کی کوئی اطلاعات نہ رہنے کی وجہ سے عوام میں کافی مایوسی اور بے چینی پائی جارہی تھی لیکن آج شب غیر مجاز تعمیرات اور غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کی مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی اوز کے باعث عوام میں مسرت کا اظہار کیا گیا ۔