روہنگیا پناہ گزیں صرف جموں و کشمیر تک محدود : کرن رجیجو
نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہاہے کہ ہندوستان میں داخل ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کا اُس کے پاس کوئی ٹھوس اعداد و شمار نہیں ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ کرن رجیجو نے آج لوک سبھا میں یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہاکہ کسی مخصوص طبقہ کے بارے میں یہ کہنا بھی غلط ہے کہ اُس کے مبینہ طورپر دہشت گردوں اور دہشت گردی کے ساتھ روابط ہیں ۔ انھوں نے آج وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ کئی غیرقانونی تارکین وطن نے دستاویزات حاصل کرلئے اور ملک میں قیام کو قانونی بنالیا ہے ۔ رجیجو نے کہاکہ یہ لوگ چونکہ ملک میں اچانک یا پھر غیرمنظم انداز میں داخل ہوتے ہیں اس لئے سرکاری طورپر اعداد و شمار پیش کرنا ممکن نہیں ۔ مرکز نے ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ ہر ضلع میں اسپیشل ٹاسک فورس قائم کرے تاکہ غیرقانونی تارکین وطن کی شناخت اور اُن کا پتہ چلایا جاسکے ۔ انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن نے بعض علاقوں میں وہاں کے حالات پر اثرڈالا اور مسائل بھی پیدا کئے ۔ روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کرن رجیجو نے کہاکہ وہ جموں و کشمیر تک محدود ہیں ۔ اپوزیشن ارکان نے جب یہ سوال کیا کہ کیا حکومت نے اُن کے لئے خصوصی کیمپس قائم کئے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ایسے کوئی کیمپس قائم نہیں کئے گئے لیکن ان پناہ گزینوں نے خود یہ کیمپس قائم کرلئے ہیں۔