غیرسنجیدہ عرضیوں پر روک لگانا ترجیح : سی آئی سی شرما

نئی دہلی ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل انفارمیشن کمیشن کی ترجیح پریشان کن عرضیوں اور تصفیہ طلب کیسوں کی بڑھتی تعداد پر روک لگانا رہے گی، اس کے نئے سربراہ وجئے شرما نے آج یہاں یہ بات کہی۔ شرما جنھیں یہاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے عہدہ کا حلف دلایا، انھوں نے کہا کہ اس کمیشن کی رجسٹری کے کام کاج میں بھی بہتری لائی جائے گی تاکہ یقینی ہوجائے کہ معاملوں کا انبار نہ ہو۔ انھوں نے تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ بڑھتے زیرتصفیہ معاملات ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ ہم اس کمیشن کی رجسٹری کے طرز کارکردگی کا بھی جائزہ لیں گے۔ ’’ہمیں جس بات پر روک لگانے کی ضرورت ہے وہ یہ کہ واجبی نوعیت کی درخواستیں ایسی عرضیوں میں پھنس کر رہ جارہی ہیں ، جنھیں بعض گوشے پریشان کن یا غیرسنجیدہ قرار دیتے ہیں۔ یہ کافی اہم زاویہ نگاہ ہے جس کی کھوج کی ضرورت ہے۔ اور یہ بہت اہم ہے کہ ہم قانون حق معلومات کے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے مقصد پر مبنی کسوٹی بنائیں۔