کابل ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے ارکان پارلیمنٹ نے صدر اشرف غنی کے نامزد بیشتر وزراء کو مسترد کردیا جس سے نئی تشکیل شدہ قومی اتحادی حکومت کو تازہ دھکا لگا ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں غنی کابینہ کے 25 میں سے 18 وزراء نامزد ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے ان میں سے 10 بشمول مجوزہ وزیر دفاع کو مسترد کردیا ۔ باقی وزراء کو پارلیمنٹ نے منطوری دیدی۔ مجوزہ نئی کابینہ کی نقاب کشائی 12 جنوری کو ہوئی تھی جبکہ متنازعہ صدارتی انتخابات کے سلسلہ میں گزشتہ سال تین ماہ تک تلخ تنازعہ جاری رہ چکا ہے۔ اقتدار میں شراکت داری کے غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ کے درمیان معاہدہ کے بعد متحدہ حکومت تشکیل دینے سے اتفاق کیا گیا تھا ۔ ثالثوں کی سخت جدوجہد کے بعد یہ معاہدہ طئے پایا تھا اور اس طرح افغانستان کو امکانی خانہ جنگی سے بچالیا گیا تھا لیکن گزشتہ ہفتہ پارلیمنٹ نے عبدالغنی سے کہہ دیا کہ ان کے نامزد سات وزراء نااہل ہیں کیونکہ ان کے پاس دوہری شہریت ہے۔ ان کے علاوہ دیگر کئی وزراء بھی مسترد کردیئے گئے۔