غلط نشانوں پر حملوں کے خلاف روس کو انتباہ

بشارالاسد اپنے ہی عوام پر کیمیائی اسلحہ استعمال کررہے ہیں: فرانسیسی وزیراعظم
کیوٹو۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فرانس کے وزیراعظم مینول والس نے روس سے آج مطالبہ کیا کہ شام میں صرف اسلامی اسٹیٹ جہادیوں کے ٹھکانوں پر ہی راست فضائی حملوں کی ہدایت کی جائے کیونکہ چند مغربی ممالک نے ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ روسی طیارے شام میں صدر بشارالاسد کے مخالف سمت اور باغی گروپوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں ۔ مینول والس نے دورہ جاپان کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روس کو چاہیئے کہ وہ غلط نشانوں پر حملے نہ کریں ۔ اُن کے اس ریمارکس سے فرانسیسی صدر فرینکوئی ہالینڈکے موقف کی توثیق ہوگئی ہے جنہوں نے جمعہ کو پیرس چوٹی ملاقات میں روسی صدر ولادمیر پوٹن سے بات چیت کے دوران ظاہر کیا تھا ۔ فراینکوئی ہالینڈ نے چوٹی ملاقات کے بعد کہا تھا کہ میں نے صدر پوٹن کو یاد دلا دیا ہے کہ حملے داعش اور صرف داعش کے ٹھکانوں پر کئے جائیں ۔ والس نے شام کے صدر بشارالاسد کی سخت مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنے ہی عوام پر انتہائی تباہ کن اسلحہ کے استعمال کی اجازت دے رہے ہیں ۔ فرانسیسی وزیراعظم نے روس پر زور دیاکہ وہ اپنے فضائی حملوں کے دوران شامی شہریوں کی جان بچائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ہم شہریوں پر حملہ نہیں کرسکتے ۔۔۔ بشار کی حکومت اپنے ہی شہریوں پر کیمیائی اسلحہ اور پٹرول بموں کااستعمال کررہی ہے جو ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے ۔