غلط نام اور تفصیلات پر مبنی آدھار کے غیر کارکرد ہونے کا خطرہ

موبائل فون ، آن لائن ، پوسٹ اور آدھار سنٹرس پر ناموں کی تصحیح کی جاسکتی ہے
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستانی اتھاریٹی برائے منفرد شناخت کی طرف سے جاری کئے جانے والے آدھار نمبر اب تمام افراد کے لیے نہ صرف سرکاری اسکیموں سے استفادہ کے لیے بلکہ بینکنگ ، موبائل فون ، پیان کارڈ جیسی کلیدی خدمات کے لیے بھی ایک اہم شناختی دستاویز بن چکے ہیں ۔ حکومت اب تمام افراد کے بینک کھاتوں اور موبائل فون نمبرس کو بھی آدھار سے مربوط کرنے کو لازمی بنا چکی ہے ۔ جس کی تفصیلات bit.ly/2soPU17 پر بھی دیکھی جاسکتی ہیں ۔ آدھار اب ایک اہم کے وائی سی ( آپ کے گاہک کے بارے میں جانئیے ) دستاویز کی حیثیت سے بھی ابھر رہا ہے ۔ جس سے خدمات فراہم کرنے والوں کو خواہش مند درخواست گذار کی بروقت تمام تفصیلات دستیاب ہوسکتی ہیں ۔ اس اہمیت اور حقیقت کے باوجود اس بات کو یقینی بنانا ہنوز نازک اور پیچیدہ عمل ہے کہ آپ کا آدھار کارڈ نہ صرف کارکرد ہے بلکہ اس میں تمام درج تفصیلات بالکل صحیح ہیں کیوں کہ ایک نام کے ساتھ کئی عرفیت ، نقائص پر مبنی بائیو میٹرک معلومات کی صورت میں آپ کا آدھار نمبر غیر کارکرد ہوجاتا ہے ۔ مملکتی وزیر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی نے 11 اگست کو راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ تاحال 81 لاکھ آدھار نمبرس غیر کارکرد کئے جاچکے ہیں ۔ غیر کارکرد کئے جانے کا مطلب کارڈ منسوخ کرنا نہیں ہے ۔ کیوں کہ یونیک آئیڈنٹیفیکیشن اتھاریٹی آف انڈیا ( یو آئی ڈی اے آئی ) کو صحیح معلومات فراہم کرتے ہوئے آدھار نمبر کو دوبارہ کارکرد بنایا جاسکتا ہے ۔ جس کے لیے آپ کے موبائل نمبر کا آپ کے آدھار نمبر سے مربوط ہونا نہایت اہم ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں آدھار سنٹرس ، آن لائن یا پوسٹ کے ذریعہ بھی کسی غلطی کی تصحیح کروائی جاسکتی ہے ۔ آن لائن سہولتوں میں آدھار سلف سرویس اپ ڈیٹ پورٹل bit.ly/1dxK4jT پر دستیاب ہے ۔ اس سہولت سے استفادہ کے لیے آپ کو اپنے آدھار نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر تک رسائی کی ضرورت ہوگی کیوں کہ لاگ ان کے لیے او پی ٹی درکار ہے جو آپ کے موبائل نمبر پر ارسال کیا جاتا ہے ۔ تبدیل شدہ یا اضافی تفصیلات پوسٹ کے ذریعہ یو آئی ڈی اے آئی کو UIDAI پوسٹ باکس نمبر 99 بنجارہ ہلز حیدرآباد 500034 کے پتہ پر بھی روانہ کرسکتے ہیں لیکن اس طریقہ سے تصاویر اور بائیو میٹرک نہیں بھیجی جاسکتیں ۔ تیسرا آسان راستہ آدھار سنٹر ہے جہاں ہر مرتبہ آپ کی آمد پر 25 روپئے فیس وصول کی جاتی ہے ۔ لیکن آپ بہ آسانی تمام تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں ۔ آپ bit.ly/ly11YRO پر اپنے قریبی آدھار سنٹر کا پتہ معلوم کرسکتے ہیں ۔ ایک مرتبہ تفصیلات دینے کے بعد آپ کو ایس ایم ایس موصول ہوگا ۔ آپ اپنے کارڈ کی تیاری کے عمل سے واقفیت کے لیے bit.ly/2t5JBR7 پر تفصیلات دیکھ سکتے ہیں ۔۔