غلام نبی آزاد اور مفتی سعید کا اظہارمذمت

سرینگر ؍ نئی دہلی ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے چیف منسٹر مفتی محمد سعید اور سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے اودھم پور میں بی ایس ایف قافلہ پر پاکستانی عسکریت پسندوں کے حملے میں دو جوانوں کی ہلاکت پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عسکریت پسند سرگرمیوں کی مذمت کی۔ مفتی سعید نے اودھم پور عسکریت پسند حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے مہلوک جوانوں کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی جوانوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ ’’میں پاکستانی عسکریت پسندوں کے اس حملہ کی سخت ترین مذمت کرتا ہوں‘‘۔ آزاد نے کہا کہ ’’میں مقامی پولیس اور دیہات کی دفاعی کمیٹی کے ارکان کے مثالی حوصلے پر مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ایک عسکریت پسند کو زندہ پکڑ لیا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ عوام بزدلانہ حملے برداشت کرنے تیار نہیں ہے۔
پونچھ میں پاکستانی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی
جموں ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے رواں مہینے کے دوران گیارہویں مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے علاقہ پونچھ میں شدید فائرنگ اور مورٹار شیل حملے کئے، جس کے نتیجہ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ ’’پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ کے سبزیاں سیکٹر پر چھوٹے آتشی اسلحہ اور مورٹار شیل کے ذریعہ فائرنگ کی‘‘۔