ممبئی 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی گلوکار غلام علی کے کنسرٹ کو حلیف شیوسینا کی جانب سے ہنگامہ کے بعد منسوخ کئے جانے کے چند دن بعد چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے عملا پاکستانی غزل گلوکار کو دوبارہ دعوت دی ہے اور کہا کہ ان کی حکومت مکمل سکیوریٹی انتظامات کرنے تیار ہے اگر غلام علی دوبارہ ممبئی آنا چاہیں۔ فرنویس نے انڈیا ٹوڈے کانکلیو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گدشتہ مرتبہ یہ کنسرٹ نہیں ہوسکا کیونکہ آرگنائزرس نے فیصلہ بدل لیا تھا تاہم اگر غلام علی دوبارہ ممبئی یا مہاراشٹرا میں مظاہرہ کرنا چاہیں تو ہم ان کیلئے مکمل سکیوریٹی انتظامات کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہم اس کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنے اور مقدمہ چلانے سے گریز نہیں کرینگے چاہے وہ ہماری جماعت سے ہو یا ہمارے دوست ہوں۔ انہوں نے کہا اس سے قبل ہمیں آرگنائزرس سے بات چیت کرنے کی ضرورت تھی اور ہم ایسا کرنے سے قبل ہی آرگنائزرس نے شو کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ شیوسینا کو بالواسطہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فرنویس نے کہا کہ غلام علی کو کسی مذہب یا ملک سے جوڑنا درست نہیں ہے کیونکہ وہ ایک فنکار ہیں۔