غفلت برتنے پر دو عہدیداروں پر چیف منسٹر برہم

حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع بشمول شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر پھیلتے ہوئے ’ سوائن فلو ‘ کے انسداد کیلئے اقدامات کرنے میں کوتاہی و غفلت برتنے والے عہدیداران محکمہ صحت و طبابت پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اوران پر برس پڑے۔ اعلیٰ عہدیداران محکمہ صحت و طبابت و تمام اہم ہاسپٹلس عثمانیہ دواخانہ، گاندھی ہاسپٹل، نیلوفر ہاسپٹل، کورنٹی و دیگر دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ جائزہ اجلاس چیف منسٹر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ چیف منسٹر نے سوائن فلو کے بارے میں اخبارات میںخبریں شائع ہونے کے باوجود کسی قسم کے اقدامات نہ کرنے اور لاپرواہی برتنے پر عہدیداران محکمہ صحت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ایک موقع پر عہدیداران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی چیف منسٹر نے انتباہ دیا۔

کابینہ کا ہنگامی اجلاس
ریاست تلنگانہ کی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج سہ پہر سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس اجلاس کی صدارت کی۔ ریاست میں تیزی سے پھیلتے ہوئے سوائن فلو وائرس کے باعث عوام میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات اور حکمت عملی کو قطعیت دینے کے مقصد سے ہنگامی طور پر کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں سوائن فلو وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کے سلسلہ میں آج کے اخبارات میں اطلاعات شائع ہوئی ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا اور حالات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں، محکمہ صحت و طبابت کے علاوہ اہم دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور عہدیداروں کے دیئے گئے مشوروں کی روشنی میں موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایات دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ کا اجلاس تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا۔

آندھرا و تلنگانہ میں 173کیسس
سوائن فلو کوآرڈینیٹر برائے آندھرا پردیش و تلنگانہ کے سدھاکر نے بتایا کہ 2015ء میں دونوں ریاستوں میں سوائن فلو کے 173 کیسس درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 169کیسیس تلنگانہ اور 4آندھرا پردیش میں دیکھے گئے۔ جاریہ سال تلنگانہ میں اس وباء سے 7اموات ہوئی ہیں۔ حیدرآباد میں سوائن فلو کا پہلا کیس 2009ء میں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر سوائن فلو کی علامات جن مریضوں میں دکھائی دے رہی ہیں ان کا موثر علاج کیا جارہا ہے۔