یروشلم۔29جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اُس نے راکٹ لانچرس اور غزہ پٹی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں ۔ چونکہ غزہ پٹی سے اسرائیل کی سرزمین پر راکٹ داغے گئے تھے ۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ پٹی میں آج علی الصبح 9مقامات کو بشمول پوشیدہ راکٹ لانچرس ‘ ہتھیاروں کی فیاکٹریوں کو حملوں کا نشانہ بنایا ۔ علاوہ ازیں دہشت گرد سرگرمیوں کے مبینہ مقامات پر بھی حملے کئے گے ۔کل شام غزہ پٹی سے اسرائیل پر 6راکٹ حملے کئے گئے تھے ‘ جن میں سے دو راکٹ سٹی روڈ قصبہ کے کارخانے سے ٹکراگئے جس کی وجہ سے یہ کارخانہ شعلہ پوش ہوگیا ۔ جاریہ ماہ اسرائیل پر راکٹ حملوں میں اضافہ ہوگیا تھا ۔ 60سے زیادہ راکٹ غزہ سے اسرائیل پر داغے گئے ۔ راکٹ حملوں کی تعداد میں اضافہ اُس وقت پیش آیا جب کہ اسرائیلی فوج نے وسیع پیمانے پر مغربی کنارہ میں حماس کے خلاس کارروائی کی ۔ کیونکہ اُسے تین اسرائیلی کمسن نوجوانوں کی تلاش تھی جن کا مبینہ طور پر فلسطینیوں کے عسکریت پسندوں کے گروپ نے اغوا کرلیا تھا ۔