اندراپارک پر کل جماعتی احتجاجی جلسہ، جناب سید عزیزپاشاہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔26جولائی(سیاست نیوز)اسرائیلی جارحیت کے خلاف منعقدہ کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمان جناب سیدعزیز پاشاہ نے غزہ کے معصوم بچوں اور خواتین کو اسرائیلی افواج کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی واقعات کی سخت الفاظ میںمذمت کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں اسرائیل کی بربریت پر عالمی برداری کی خاموشی پر افسوس ظاہر کیا اور کہاکہ غزہ میں ناکردہ گناہوں کی سزاء بھگت رہے معصوم بچوں اور خواتین کی کی اموات کی تمام تر ذمہ داری عالمی برداری پر عائد ہوگی جو اسرائیل کی جارحیت پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ہند پر اسرائیل کی جارحیت پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ آزادی کے بعد سے لیکر این ڈی اے حکومت کے اقتدار میںآنے تک ہندوستان نے مظلوم فلسطینیوں کا ہروقت ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میںفلسطین کے متعلق مشترکہ قرارد اد کی منظوری کے موقع پر فلسطین کے متعلق این ڈی اے کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے آگیا۔ فلسطین کے متعلق حکومت ہند کے موقف کی وضاحت تک بائیں بازو جماعتیں اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گے۔ سی پی آئی ایم اسٹیٹ سکریٹری تلنگانہ ٹی ویر ا بھدرا نے بھی غزہ کے متعلق عالمی برداری کے رویہ کو اپنے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ غزہ پٹی پر اسرائیل کے جاری حملوں کی رو کنے کے لئے عالمی برداری کو اپنی خاموشی توڑنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت ہند سے بھی اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلینے کا مطالبہ کیا ۔ پروفیسر ویشویشوار رائو‘ سینئر کمیونسٹ قائد ڈاکٹر کے نارائنا، سی پی آئی ایم ایل ونیو ڈیموکرسی صدر گوردھن ریڈی‘ پروفیسر راما مالکوٹے‘ایڈوکیٹ ایم تراب ‘ مظہر حسین‘ منیر الدین مجاہد‘ ایم سرینواس ‘ سی پی آئی قائد سلیم خان‘قائد تنظیم آواز گریٹر حیدرآباد ایم اے ستار‘ صدر ایچ اے ایس انڈیا مولانا سید طار ق قادری و جنرل سکریٹری مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ کے علاوہ مختلف رضاکارانہ تنظیموں اور عام آدمی پارٹی کے قائدین نے اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا۔ سی پی آئی گریٹر حیدرآباد سکریٹری ڈاکٹر سدھاکر نے جلسہ عام کی کاروائی چلائی جبکہ سینکڑوں کے تعداد نے مرد وخواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے غزہ کی مظلوم عوام سے اظہار یگانگت کیا۔