غزہ میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان سنگین تصادم کا اندیشہ

فلسطینیوں کی ہلاکت کی آزادانہ تحقیقات کیلئے یو این سکریٹری جنرلـ کا مطالبہ ۔ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کویت کی اپیل

اقوام متحدہ ۔ 31 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوتیرز نے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج سے جھڑپوں کے دوران 16 فلسطینیوں کی ہلاکت اور دیگر سینکڑوں زخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے آزاد و شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انھوں نے یہ مطالبہ ایسے وقت کیا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنے ہنگامی مذاکرات کے دوران غزہ پٹی میں اسرائیل ۔ فلسطین تشدد میں مزید اضافہ کے اندیشوں کی سماعت کی ۔ گوتیرز کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہاکہ سکریٹری جنرل نے ان واقعات کی آزاد و شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انھوں نے امن مساعی کو دوبارہ متحرک کرنے عالمی ادارہ کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ فرحان حق نے کہاکہ گوتیرز نے تشدد سے گریز کیلئے فریقین سے اپیل کی اور کہاکہ اس سے مزید افراد ہلاک یا زخمی ہوسکتے ہیں

اور بالخصوص عام شہریوں کو ہی نقصان پہونچ سکتا ہے۔ دریں اثناء کویت نے غزہ کی تازہ صورتحال پر غوروخوض کیلئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے ۔ 2014 ء کی اسرائیل ۔ فلسطین لڑائی کے بعد غزہ میں گزشتہ روز پہلا انتہائی مہلک تصادم ہوا ہے جس کے نتیجہ میں صرف ایک دن میں 16 فلسطینی ہلاک اور دیگر سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ اقوام متحدہ کے اسٹیٹ سکریٹری جنرل برائے سیاسی اُمور تائیی ۔ بروک زیریہون نے فریقوں کی طرف سے ممکنہ حد تک صبروتحمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے۔ برطانیہ اور امریکہ نے اجلاس کے وقت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ یہودیوں کے مقدس تہوار کی پہلی شب ہے۔ چنانچہ اسرائیلی عہدیدار اس میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ سرکردہ سفارتی عہدیدار اپنے بجائے نائبین کو روانہ کریں گے ۔ ایک امریکی عہدیدار نے اجلاس سے کہا کہ یہ نہایت اہم ہے کہ کونسل اپنے اندازفکر میں متوازن رہے ۔

ہمیں تمام فریقوں کیلئے ایسا انتظام تلاش کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ آج رات کے اجلاس میں حصہ لے سکیں۔ امریکی سفارتی عہدیدار نے مزید کہاکہ انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر اتلاف پر ہمیں شدید صدمہ ہوا ہے۔ بدی کے محرکین جو تشدد پر اُکسانے کی پردہ پوشی کے طورپر احتجاج کا استعمال کرتے ہیں بے قصور افراد کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں ۔ فرانس کے سفیر نے کہا ہے کہ (تشدد میں) اضافہ کا سنگین خطرہ ہے ۔ غزہ پٹی میں ایک نئے تصادم کا اندیشہ ہے ۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈین ڈینن نے تشدد کیلئے حماس کو مورد الزام ٹھہرایا۔