غزہ میں بم دھماکے ‘ حماس کی کاریں نشانہ

غزہ سٹی ۔19جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) دھماکوں سے آج غزہ پٹی میں حماس اور اسلامی جہاد کے پانچ ارکان کی کاریں تباہ ہوگئیں ۔ عینی شاہدین اور فوجی ذریعہ کے بموجب فلسطینی حکمرانوں اور اسلامی انتہا پسندوں کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں اس واقعہ کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ حماس کی پولیس غزہ پٹی پر حکمران ہے ۔ اس نے ان دھماکوں پر ہنوز کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور نہ ہلاکتوں کی توثیق کی ہے ۔ فوج کے بموجب تین کاریں حماس اور دو کاریں اسلامی جہاد کے ارکان کی تھیں ۔ حماس کے ساتھ اقتدار کیلئے چھوٹے انتہا پسند گروپس جدوجہد میں مصروف ہیں ۔ بم حملوں کے ایک سلسلہ میں پولیس کی عمارتوں اور عہدیداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ غزہ سے اسرائیل پر بھی راکٹ حملے جاری ہیں ۔