غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت،عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک، محمد فاروق حسین کا بیان

حیدرآباد /22 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں عید کے موقع پر بچوں کو نئے کپڑوں کی بجائے کفن خریدا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں جنگ بندی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرئیل غزہ پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی پشت پناہی سے اسرائیل، فلسطین پر حملے کر رہا ہے، جب کہ اس موقع پر عالم اسلام کی خاموشی غیر درست ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر جواہر لال نہرو سے ڈاکٹر منموہن سنگھ تک ہندوستان کے خلیجی ممالک سے بہتر تعلقات رہے، بالخصوص فلسطینی کاز کی ہندوستان نے بھرپور تائید کی، تاہم بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں ہندوستان کی خلیجی پالیسی میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں کمسن بچوں کو اسرائیل موت کے گھاٹ اتار رہا ہے اور ہندوستان خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ایوانوں میں اس مسئلہ کو اٹھایا، تاہم وزیر اعظم نریندر مودی نے لب کشائی سے گریز کیا، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل کی اس ظالمانہ کارروائی کا سارے عالم کے مسلمانوں کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے اور اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اس کو معاشی طورپر کمزور کرنا چاہئے۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ مسلمان اپنے عید کے اخراجات میں کمی کرکے فلسطینی متاثرین کے لئے زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کریں اور ان سے اظہار یگانگت کریں۔