غزہ سرحد پر اسرائیلی فائرنگ ‘فلسطینی لڑکا شہید

آنسو گیاس کا بھی استعمال ، کئی شہری بے ہوش
مقبوضہ بیت المقدس/24 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) غزہ پٹی کے مشرق میں سرحدی باڑ کے نزدیک جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی لڑکا شہید ہوگیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ فلسطینیوں کے ہفتہ وار احتجاج کے دوران جمعہ کی شام پیش آیا۔ اشرف القدرہ کے مطابق صہیونی اہل کاروں کی جانب سے ہونے والی براہ راست فائرنگ کے دوران 14 سالہ یوسف سعید کے سینے میں گولی لگی تھی۔ شہید غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون کا رہایشی ہے۔ علاوہ ازیں ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی نہتے مظاہرین پر شیلنگ اور اندھا دھند فائرنگ سے 41 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں سیکڑوں شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے، جس کے بعد شیلنگ اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی 30 مارچ 2018ء سے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔