درخواستوں کی مکرر تنقیح ، خانگی ملازمین بھی درخواست دینے کے اہل
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ عوام کو دی جانے والی مراعات اور فلاحی اسکیمات جیسے فوڈ سیکوریٹی کارڈ ، پنشن کے علاوہ اسکیمات کے فوائد کو تلنگانہ کے زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے کی غرض سے غریب اور متوسط طبقات کے عوام کی مقرر کردہ سالانہ شرح آمدنی کی حد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو مقرر کردہ اراضی کی حد میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ عوام میں بڑی حد تک برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر اعتماد بحال ہونے کا امکان ہے اور حکومت کے اس فیصلہ سے تلنگانہ کے غریب اور متوسط عوام کو بڑی حد تک راحت نصیب ہوگی اور حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے بعد عوام کی جانب سے دی گئی درخواستوں کی جانچ کا دوبارہ آغاز ہوگا اور خانگی ملازمین کو جنہیں سابق میں درخواستوں کے ادخال سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی تھی وہ بھی درخواست داخل کرنے کے اہل ہوں گے ۔ باوثوق ذرائع کے بموجب سابق میں حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ کے عوام کو فوڈ سیکوریٹی کارڈ اور پنشن کے حصول کے لیے دیہی سطح پر 60 ہزار روپئے اور شہری سطح پر 75 ہزار روپئے سالانہ شرح آمدنی مقرر کرنے کے علاوہ زمینداروں کو ڈھائی ایکڑ اراضی تری یا 5 ایکڑ اراضی خشکی کے اہل اراضی مالکین کو ہی حد مقرر کی گئی تھی ۔ جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی خاندان حکومت کی اسکیمات سے محرومی کا شکار ہوگئے تھے لیکن حکومت تلنگانہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ اور پنشن کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی غرض سے تلنگانہ کے غریب اور متوسط خاندانوں کی سالانہ شرح آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو کافی راحت بخشی ہے ۔ اس طرح سے حکومت تلنگانہ نے دیہی سطح کے خاندانوں کی سالانہ شرح آمدنی کو 60 ہزار سے بڑھاکر دیڑھ لاکھ اور شہری سطح پر 75 ہزار سے بڑھاکر 2 لاکھ سالانہ شرح آمدنی مقرر کیا گیا ہے جب کہ اسی طرح سے زمینداروں کو ڈھائی ایکڑ اراضی تری اور 5 ایکڑ خشکی اراضی کی حد تھی جس میں اضافہ کیا جاکر 3.75 ایکڑ اراضی تری اور 7 ایکڑ خشکی اراضی تک رکھنے والے فوڈ سیکوریٹی کارڈ اور پنشن کے حصول کے مستحق ہوں گے ۔۔