غریب مسلم افراد کو آٹو رکشا کی فراہمی ، 2 اکٹوبر سے درخواستوں کی وصولی
حکومت کی جانب سے 50 فیصد سبسیڈی دی جائے گی ۔ 1000 سے زائد درخواستوں پر قرعہ اندازی
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) غریب مسلم افراد کو آٹو رکشا کی فراہمی سے متعلق اسکیم کیلئے 2اکٹوبر سے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔1000 غریب اقلیتی طبقہ کے افراد کو حیدرآباد اور رنگاریڈی میں آٹو رکشا فراہم کرنے کیلئے حکومت نے اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن آٹو کی قیمت کے اعتبار سے50فیصد سبسیڈی فراہم کرے گا جبکہ بینک 40فیصد رقم بطور قرض جاری کرے گا جبکہ امیدوار کو 10فیصد رقم ادا کرنی ہوگی۔ اسکیم پر عمل آوری کے طریقہ کار اور شرائط کو قطعیت دینے کیلئے تشکیل دی گئی اعلیٰ اختیاری کمیٹی کا اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی کارپوریشن بی شفیع اللہ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، آر ٹی او خیریت آباد ڈی دسرتھ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ اسکیم کیلئے درخواستیں 2تا17اکٹوبر قبول کی جائیں گی۔ درخواست گذاروں کو ویب سائیٹ tsobmms.cgg.gov.in پر درخواستیں داخل کرنا ہوگا۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد ان میں اہل امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا اور درخواستیں1000 سے زائد موصول ہونے کی صورت میں امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی سے کیا جاسکتا ہے۔ 11نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر منتخب امیدواروں میں آٹوز تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے یہ اسکیم تیار کی گئی تاکہ ایک ہزار غریب خاندانوں کی معاشی پسماندگی کو دور کیا جاسکے۔ درخواست گذار آن لائن درخواستیں داخل کرنے کے بعد درخواست اور ضروری دستاویزات کی نقولات ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس اقلیتی فینانس کارپوریشن حیدرآباد و رنگاریڈی کے دفتر میں داخل کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد بینکرس کے ساتھ اسکیم پر عمل آوری کیلئے مشاورت کی جائے اور اسکیم میں شراکت سے اتفاق کرنے والے بینکوں کو کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ سبسیڈی اور بینک قرض کی رقم آٹو ڈیلر کو جاری کی جائے گی۔ آج کے اجلاس میں 3 آٹو ڈیلرس اور مینوفیکچررس کے نمائندوں نے شرکت کی اور ان سے مشاورت کے بعد آٹو کی قیمت کا تعین کیا گیا۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا گیا کہ تینوں مینوفیکچررس کے آٹوز حج ہاوز کے احاطے میں منتخب امیدواروں کے مشاہدے کیلئے رکھے جائیں گے اور وہ اپنی پسند سے آٹو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کی اہلیت کیلئے اس کا تلنگانہ اور بالخصوص گریٹر حیدرآباد حدود سے ہونا ضروری ہے۔ درخواست گذار ڈرائیونگ لائسنس کا حامل ہو اور وہ کسی ذاتی آٹو کا مالک نہ ہو۔ درخواست گذار کی عمر 21تا 55سال کے درمیان ہونی چاہیئے اور سالانہ آمدنی 2 لاکھ سے کم ہو۔ درخواست کے ساتھ آدھار، ڈرائیونگ لائسنس، انکم سرٹیفکیٹ، بینک پاس بک کی زیراکس، رہائشی صداقتنامہ، کاسٹ سرٹیفکیٹ اور 2پاسپورٹ سائز فوٹوز داخل کرنا ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اسکیم کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے آغاز کا مقصد اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار خاندانوں کی معاشی پسماندگی دور کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں کامیاب عمل آوری کے بعد اسے دیگر اضلاع میں توسیع دی جائے گی۔