فیروزآباد میںچوڑیوں اور شیشے کی صنعت کو کانگریس نے تباہ کیا: مودی
فیروزآباد ؍ ایٹاہ ۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن کی جانب سے غیرسیکولر قرار دیئے جانے والے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے آج مسلمانوں تک پہونچنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ اس طبقہ کے غریب عوام کی زندگی میں تبدیلی لائی جانی چاہئے۔ انھوں نے فیروزآباد میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مرکز پر چین کے تجارتی دروازے کھول دینے کا الزام عائد کیا جس کی وجہ سے فیروزآباد میں چوڑیوں اور شیشوں کی صنعت تباہ ہوگئی ۔ انھوں نے کہا کہ اس صنعت کو فروغ دینے کیلئے ایک تحقیقاتی و اختراعی ادارہ قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس صنعت سے مسلمانوں کی ایک کثیرتعداد وابستہ ہے۔ انھوں نے ایٹاہ میں صدر کانگریس سونیا گاندھی اور اُن کے داماد رابرٹ وڈرا پر تنقید کرتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ آخر اس ملک میں ایسا کونسا جادوگر ہے جو 30,000 روپئے کو صرف تین سال میں 300 کروڑ میں بدل سکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار پر آئے تو ’’جیجاجی‘‘ اور دیگر تمام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کی جائے گی ۔انھوں نے متھرا میں جہاں ہیمامالینی پارٹی امیدوار ہیں انتخابی ریالی سے خطاب کیا اور بین الاقوامی مسائل سے نمٹنے کے معاملے میں کانگریس زیرقیادت یوپی اے حکومت پر تنقید کی ۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت کی وجہ سے دنیا بھر میں ہندوستان کا مقام و مرتبہ نچلی سطح پر چلا گیا ہے ۔ کبھی چین یہ دعویٰ کرتا ہے کہ اروناچل پردیش اُس ملک کا حصہ ہے اور کبھی ممالک جیسے پاکستان نہ صرف ہمارے علاقہ میں داخل ہوتا ہے بلکہ ہمارے سپاہیوں کا سرقلم بھی کردیا جاتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس ملک کی امیج کو دوبارہ بہتر بنائیں گے ۔ نریندر مودی نے مہاراشٹرا میں دو انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر اپنی حلیفوں کے ساتھ ایک ایسی ٹولی بنانے کا الزام عائد کیا جو انھیں (مودی کو) وزیراعظم بننے سے روک دے ۔ انھوں نے کہاکہ یو پی اے کے 10سالہ اقتدار میں اپنی غلطیوں کے محاسبہ سے بچنے کیلئے وہ سیکولرازم کی آڑ میں چھپی ہوئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں شیوسینا ۔ بی جے پی زیرقیادت عظیم اتحاد کامیاب ہوگا۔