جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال پر ہائیکورٹ کی سرزنش ، رجوع بکار ہونے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (این ایس ایس) ہائیکورٹ نے آج جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال جاری رکھنے پر سرزنش کی۔ عدالت نے انہیں فوری رجوع بکار ہونے اور عوام کی خدمات انجام دینے کی ہدایت دی۔ ان ہڑتالی ڈاکٹرس سے یہ وضاحت طلب کی گئی کہ آخر غریب مریضوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے وہ اپنی ہڑتال کو کس طرح منصفانہ قرار دے سکتے ہیں۔ ہائیکورٹ کے شدید ریمارکس کے باوجود جونیر ڈاکٹرس اپنے موقف پر قائم ہیں اور انہوں نے مطلع کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے، وہ احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ عدالت کا یہ احساس تھا کہ جونیر ڈاکٹرس کے احتجاج کے لئے یہ موزوں وقت نہیں ہے کیونکہ ریاست بھر میں سرکاری ہاسپٹلس میں غریب مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عدالت نے ہڑتالی ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ فوری ڈیوٹی پر رجوع ہوں اور متعلقہ قانون کے تحت مسائل کی یکسوئی کرلیں۔ حکومت اور ہڑتال جونیر ڈاکٹرس کے نمائندوں کی بحث کی سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ حکومت کا یہ موقف تھا کہ دیہی علاقوں میں لازمی خدمات کے ماسواء دیگر تمام مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں۔ عدالت کو یہ بھی مطلع کیا گیا کہ احتجاجی جونیر ڈاکٹرس کو دیئے جانے والے اعزازی مشاہرہ کیلئے 3 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی جاچکی ہے۔