ڈسمبر سے ماہانہ بلز تمام صارفین کو ادا کرنے ہونگے، حکومتی احکام جاری
حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے غریب خاندانوں کو آبرسانی کے بقایا جات کی معافی سے متعلق اعلان پر عمل کرتے ہوئے 457کروڑ 75لاکھ روپئے کے بقایا جات معاف کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے گئے۔ اسپیشل چیف سکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن ایم جی گوپال کے احکامات کے مطابق سلم علاقوں، راجیو گرہا کلپا اور گھریلو صارفین کے جملہ 299کروڑ 52لاکھ روپئے کے بقایا جات ہیں جس پر 158کروڑ 18لاکھ روپئے سود وصول شدنی ہے اس طرح مجموعی طور پر 457کروڑ 75 لاکھ روپئے تینوں زمرہ جات سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں سے وصول طلب ہیں۔ حکومت نے 30 نومبر 2015 ء تک کے تمام بقایا جات معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سلم علاقوں کے 68261 ، راجیو گرہا کلپا کے 8563اور گھریلو صارفین کے زمرہ میں 235644 صارفین کو راحت ملے گی۔ حکومت نے بقایا جات اور سود کی رقم معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم تمام صارفین کو ڈسمبر سے اپنے ماہانہ بلز مقررہ وقت پر ادا کرنے ہوں گے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔