راشن شاپس سے ضروری اشیاء کی فراہمی کا منصوبہ : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد 30 ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر فینانس و سیول سپلائی ایٹالہ راجندر نے کہاکہ اُن کی حکومت، غریب عوام کو نظام عوامی تقسیم کے تحت کم قیمت پر ضروری اشیاء سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مستحق عوام کو چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی اور راشن کارڈس سے متعلق کابینی ذیلی کمیٹی کے آج سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایٹالہ نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر غریب خاندان کو ماہانہ 30 کیلو چاول کی سربراہی کا منصوبہ ٹی آر ایس حکومت کے زیرغور ہے۔ جس کے تحت غریبوں کو تین روپئے فی کیلو چاول دیا جائے گا۔ اس اسکیم پر دسہرہ کے سب سے عمل آوری کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک دوسرے اجلاس میں عوام کو سربراہ کئے جانے والے چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی حقیقی مقدار کو قطعیت دینے کیلئے غور و خوض کیا گیا۔ وزیر فینانس نے کہاکہ کابینی ذیلی کمیٹی اپنی رپورٹ بغرض منظوری بہت جلد چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو پیش کرے گی۔