آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم لڑکا درجنوں لڑکوں کا استاذ،ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی جانب سے ستائش
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( محمد ریاض احمد) : اللہ تعالیٰ جس بندہ پر رحم کرنا چاہتے ہیں اس پر علم دین کی سمجھ عطا کرتے ہیں ۔ ممتاز علماء و مفتیان کے بچپن کے دور کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ وہ لوگ کم عمری سے ہی نہ صرف فکر صحیح کے حامل رہتے تھے بلکہ دوسروں تک دعوت دین پہنچانے کے مبارک کام میں آگے آگے رہنے کو ترجیح دیتے ۔ اکثر بچوں کے انداز کردار اٹھنے بیٹھنے و بات چیت کے انداز کے علاوہ ان کی عادت و اطوار دیکھ کر اندازہ ہوجاتا ہے کہ بڑے ہو کر وہ ایک عظیم انسان بنیں گے ۔ ان کی ذات سے اللہ کے بندوں کو فائدہ ہوگا ۔ دوسروں تک دعوت دین پہنچائیں گے اور انسانیت کی بہبود کے لیے کام کریں گے ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں اس طرح کے کئی بچے ہیں جن سے ان کے والدین خاندان اہلیان محلہ اور ملت کو کافی امیدیں وابستہ ہیں ۔ ایسے ہی بچوں میں شاہین نگر ، بسم اللہ کالونی کے رہنے والے کمسن معلم و حافظ محمد شہراز الدین فاروقی اور ان کے بھائی حافظ محمد شہباز الدین فاروقی بھی شامل ہیں ۔ 12 سال کی عمر میں مدرسہ اشرف العلوم نواب باغ سے حفظ قرآن پاک کرنے والے محمد شہراز الدین مسجد سلیم
شاہین نگر میں مقامی غریب بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کا مقدس کام انجام دے رہے ہیں ۔ حافظ محمد شہراز الدین اپنی کم عمری کے باوجود 50 تا 60 بچوں کو مفت دینی تعلیم دیتے ہوئے نہ صرف اپنے ہم عمر لڑکوں کے لیے بلکہ بڑے بزرگوں کے لیے بھی ایک مثال بن گئے ہیں ۔ حافظ محمد شہراز الدین کسی امیر یا خوشحال گھرانے سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ ان کے والد محمد نظام الدین فاروقی آٹو چلا کر اپنے بیوی بچوں کی زندگی کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ انہیں 6 بچے ہیں ۔ جن میں 2 لڑکیاں اور چار لڑکے شامل ہیں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ محمد نظام الدین فاروقی کے دو لڑکے حافظ ہیں تیسرا لڑکا محمد سیف الدین فاروقی بھی حفظ کررہا ہے ۔ اس نے تاحال 22 پارے حفظ کرلیے ہیں ۔ امید ہے کہ وہ بھی جلد ہی حفظ مکمل کرے گا ۔ حافظ شہراز الدین نے بتایا کہ وہ ایس ایس گرامر اسکول شاہین نگر میں آٹھویں جماعت میں پڑھتے ہیں ۔ اسکول کے بعد شام میں بعد نماز مغرب تا عشاء محلہ کے بچوں کو دینی تعلیم دیتے ہیں ۔ اہلیان محلہ بھی اس کمسن استاذ کی عزت کرتے ہیں ۔ ان کے والد محمد نظام الدین فاروقی نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے سامنے والی زمین پر عارضی شیڈ ڈال کر مقامی بچوں کے لیے مدرسہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں اور ان میں یہ جذبہ اپنے بچوں کے دینی جذبہ کو دیکھ کر پیدا ہوا ہے ۔ حافظ شہراز فاروقی نے بتایا کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی انہیں بھر پور حوصلہ افزائی حاصل ہے ۔ ادارہ سیاست نے انہیں کمپیوٹر کورس بھی کروایا ہے ۔ بہر حال حافظ شہراز فاروقی جس طرح غریب بچوں کو مفت دینی تعلیم دے رہے ہیں اس طرح ملت کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جانی چاہئے ۔ اس کمسن حافظ کی یہی خواہش ہے کہ وہ مدرسہ قائم کرے تاکہ محلہ اور اطراف و اکناف کا کوئی بچہ علم دین سے محروم نہ رہے ۔ اس مقدس کاز میں ان کی مدد کے خواہاں ہمدردان ملت فون نمبر 9550131296 پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔