فلاحی اسکیمات اکٹوبر تک مکمل کرلی جائیں، وزیر فینانس ای راجندر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈبل بیڈروم مکانات اسکیم اور کمزور طبقات اور اقلیتوں کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لیے بینک کی مداخلت کے بغیر راست سبسیڈی کی اجرائی اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ وزیر فینانس نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ہدایت دی کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی تکمیل اکٹوبر تک مکمل کرلی جائے کیوں کہ اکٹوبر کے بعد ہوسکتا ہے کہ انتخابات کا مرحلہ ہو۔ راجندر نے اس بات کا اشارہ دیا کہ لوک سبھا یا پھر اسمبلی کے وسط مدتی انتخابات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لہٰذا عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے لیے ڈسمبر کا انتظار کیے بغیر اکٹوبر تک مکمل کردیں۔ انہوں نے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا جائزہ لیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے غریبوں کو آسرا فراہم کرنے کے لیے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکیمات پر پوری توجہ کے ساتھ عمل آوری کریں تاکہ حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچے۔ راجندر نے کہا کہ درج فہرست اقوام قبائل اور اقلیتوں کے امیدواروں کو 50 ہزار روپئے تک محکمہ فینانس قرض فراہم کیا جائے۔ یہ قرض چھوٹے کاروبار کے آغاز کے سلسلہ میں غریبوں اور بیوائوں کو یہ امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی/ بی سی اور اقلیتی فینانس کارپوریشنوں کے ذریعہ غریب خاندانوں کو بینک کی شمولیت کے بغیر ایک تا 2 لاکھ روپئے امداد فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس میں 25 فیصد رقم درخواست گزار کو ادا کرنی ہوگی جبکہ 75 فیصد کارپوریشن سے سبسیڈی رہے گی۔ وزیر فینانس نے کہا کہ بہت جلد اس اسکیم کو قطعیت دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے ذریعہ افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ فلاحی اسکیمات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ حکومت کے مشیر جی وویک اور کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد کے علاوہ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین اور رکن قانون ساز کونسل ناراداس لکشمن رائو نے اجلاس میں شرکت کی۔ اکبر حسین نے بتایا کہ وزیر فینانس نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ زیر التوا درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ کارپوریشن کی بعض اسکیمات بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب التوا کا شکار ہیں۔ ای راجندر نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں گے۔