غریبوں کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم،تلنگانہ حکومت کے اقدامات

حیدرآباد یکم نومبر(یواین آئی)تلنگانہ حکومت نے تین برسوں میں سماج کے مختلف طبقات کے مفاد میں کئی انوکھی اسکیمات متعارف کی ہیں،حکومت کے اہم پروگراموں میں سے ایک پروگرام غریبوں کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی ہے ۔ستمبر 2016 سے ستمبر2017تک اس اسکیم پر مصارف میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔اس کے مصارف 38.48کروڑ روپئے تھے جو بڑھ کر 529.84کروڑ روپئے ہوگئے ۔یہی نہیں بلکہ انتظامی منظوریوں کی تعداد جو 59,829یونٹس تھی بڑھ کر 2,06,518 یونٹس تک جاپہنچی ہے ۔تلنگانہ ہوزنگ کارپوریشن کے اعلی افسر نے بتایا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھر راو کی دلچسپی کے سبب ہی اس اسکیم کو اپوزیشن کی نکتہ چینی کے باوجود کامیاب بنایا گیا ہے ۔پرنسپال سکریٹری ہوزنگ ڈپارٹمنٹ چترا رامچندرن نے کہاکہ حکومت ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم کو فروغ دینے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔اس کے ذریعہ سماج کے کمزور طبقات کے لئے مکانات فراہم کرنا ہے ۔شیڈول کے مطابق اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے حکومت کی سنجیدگی کی نشاندہی کرنے والا ایک اور عنصر ،گزشتہ سال طلب کردہ ٹنڈرس ہیں۔گزشتہ سال ستمبر میں طلب کردہ 39,253 ٹنڈرس کے برخلاف ستمبر 2017 تک یہ اعداد وشمار بڑھ کر 1,78,913 ٹنڈرس تک جاپہنچے ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ ہوزنگ کارپوریشن لمیٹیڈ کے چیف انجینئر سی ایچ ستیہ مورتی نے کہا کہ ریاست بھر میں 68,564مکانات کے یونٹس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے ۔مزید 1,19,422یونٹس کے لئے ٹنڈرس کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔

 

تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی کو جلسہ
کی اجازت ملنے کودنڈا رام پر امید
حیدرآباد، یکم نومبر (یواین آئی )تلنگانہ سیاسی مشترکہ مجلس عمل کے کنوینر پروفیسر کودنڈارام نے امید ظاہر کی کہ حیدرآبادمیں ہونے والے مجلس عمل کے مجوزہ جلسہ کے لئے حیدرآباد ہائی کورٹ سے مثبت اجازت ملے گی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کر اس جلسہ کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت ،کب تقررات کرے گی کیونکہ نوجوان ملازمت کے لئے پریشان ہیں۔