غریبوں کے توقعات کو پورا کرنا حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح

حیدرآباد۔6جنوری(سیاست نیوز) ریاست کے غریب عوام کی توقعات کو پورا کرنا تلنگانہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کو پورا کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے سنجیدہ اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔آج یہاں قدیم ملک پیٹ میں محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے ایک روپیہ فی چاول کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ سابق میںغریب اور معاشی طور پر پسماندہ راشن کارڈ ہولڈرس کو صرف چار کیلو وہ بھی غیرمعیاری چاول فراہم کئے جاتے تھے مگر تلنگانہ حکومت کی تشکیل کے بعد سابق کی تمام اسکیمات کو منسوخ کرتے ہوئے وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ غریب اور معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کے افراد کی مناسبت سے چاول فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چھ لوگ کسی خاندان میںہیں تو انہیں تلنگانہ کے محکمے سیول سپلائی کی جانب سے ایک روپیہ فی کیلو کے حساب سے ساٹھ کیلو چاول فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس کے علاوہ اندرون چھ ماہ بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے متعلق بھی فیصلہ لیا جائے گا تاکہ تلنگانہ حکومت کی تشکیل سے قبل ٹی آر ایس پارٹی نے جو وعدے تلنگانہ کی عوام سے کئے ہیںان کو پورا کیا جاسکے۔جناب الحاج محمد محمود علی نے اس موقع پر غریب اقلیتی خاندانوں کے لئے فراہم کی گئی شادی مبارک اسکیم کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ عوام میںمعلومات کی کمی کے سبب شادی مبارک اسکیم سے عوام استفادہ کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے شادی مبارک اسکیم کے آن لائن رجسٹریشن میںترمیمات لانے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ پیدائش کے صداقت نامے ناہونے کی صورت میںدرخواست گذارکو حلف نامہ داخل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کرنے کا غریب طبقات کو بھر پور موقع فراہم کیا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں کو حکومت کی معلنہ عوامی فلاحی اسکیمات سے عوام کو مستفید کرنے میںسرگرم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے قدیم شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر حکومت کی فلاحی اسکیمات کے متعلق شعور بیداری مہم کو لازمی قراردیا۔

انہوں پرانے شہر حیدرآباد کے نوجوانوں سے حکومت کی فلاحی اسکیمات کے متعلق شعوربیداری کیلئے رضاکارانہ طور پر تحریک چلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ جو نوجوان قابلیت کے باوجود چبوتروں اور ہوٹلوں میں اپنا وقت خراب کررہے ہیںانہیں چاہئے کہ وہ غریب عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے ملازمتوں کے متعلق بھی واضح طور پر کہاکہ بہت جلد ریاست کے تمام محکموں کی تقسیم عمل آئے گی جس کے بعد ملازمتوںپر تقررات بھی عمل میں آئیں گے جس میںمسلمانو ںکو بارہ فیصد تحفظات فراہم کئے جائیںگے۔جناب اعظم علی خرم ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات میںکامیابی کے بعد ٹی آر ایس کارکنوںکا اگلا نشانہ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گریٹر حیدرآباد بلدیہ پر بھی ٹی آر ایس پارٹی کا جھنڈا لہرانے تک ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد کے قائدین اور کارکنا ن چین کی سانس نہیںلیں گے۔ ٹی آر ایس اسٹیٹ جنرل سکریٹری جناب محمدعارف کے علاوہ قدیم ملک پیٹ انچار ج سدرشن اورٹی آر ایس پارٹی کے سینکڑوں قائدین اور کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔آخر میں الحاج محمد محمودعلی نے غریب اور معاشی طور پر پسماندہ راشن کارڈ گریندوں میں چاول کی تقسیم بھی عمل میںلائی۔