غریبوں کیلئے غیرمجاز تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کی آخری مہلت

تلنگانہ میں ایک انچ زمین پر بھی قبضہ نہیں کیا جاسکتا‘ حکومت سخت کارروائی کرے گی : کے سی آر
حیدرآباد۔ 5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں غریبوں کی جانب سے غیر مجاز تعمیرات اور اراضی پر ناجائز قبضوں کو باقاعدہ بنانے سے متعلق اسکیم کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس اسکیم پر عمل آوری میں مکمل شفافیت سے کام لیا جائے اور کسی بھی بے قاعدگی کی گنجائش نہ ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کیلئے یہ آخری موقع ہے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں جو مہلت دی ہے ، اس کے مطابق عوام کو چاہئے کہ وہ درخواستیں داخل کرتے ہوئے اسکیم سے استفادہ کریں۔ جو افراد باقاعدہ بنانے میں ناکام رہیں گے ، ان کا شمار غیر مجاز قابضین کی حیثیت سے کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی اور ضرورت پڑنے پر پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون 90 دن غیر مجاز تعمیرات اور اراضیات کو باقاعدہ بنانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا ، اس کے بعد تلنگانہ میں ایک انچ اراضی پر بھی ناجائز قبضہ کی گنجائش نہیں رہے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سرکاری اراضیات پر جو بھی قبضہ کرے، ان کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔ جو افراد درخواستیں داخل نہیں کریں گے ، ان کی اراضیات حکومت اپنی تحویل میں لے لیگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں ایک انچ اراضی بھی ٹائٹل کے بغیر نہیں رہنی چاہئے۔ چیف سکریٹری راجیو شرما چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ ، سکریٹری ریونیو بی آر مینا اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اسکیم کے مطابق 125 گز تک سرکاری اراضی پر غریبوں کی جانب سے غیر مجاز قبضے اور ان پر تعمیرات کو بغیر کسی جرمانے کے باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایسے افراد سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ فوری درخواست داخل کریں۔ مابقی افراد کے لئے اراضی کے مطابق قیمت طئے کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوں پر گہری نظر رکھیں اور اراضیات کا رجسٹریشن صحیح ڈھنگ سے عمل میں لایا جائے۔ حکومت نے اس اسکیم کی تفصیلات کے ساتھ 31 ڈسمبر کو جی او جاری کیا تھا۔ جی او کی اجرائی کے اندرون 20 یوم درخواستوں کے ادخال کی مہلت دی گئی ہے۔ اس کے بعد عہدیدار جانچ کرتے ہوئے اندرون 90 دن باقاعدہ بنانے کا کام انجام دیں گے۔ اپریل تک اس اسکیم کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کیلئے یہ آخری مہلت ہوگی اور اس اسکیم کی تکمیل کے بعد دوبارہ کوئی موقع نہیں دیا جائے گا ۔ جو افراد اسکیم سے استفادہ نہیں کریں گے، ان کی اراضیات حکومت اپنی تحویل میں لے لیگی۔