غریبوں کو اقل ترین آمدنی کی فراہمی کیلئے راہول گاندھی کے وعدہ کی تائید

کانگریس کی نیائے اسکیم سے ناانصافی کے متاثرہ عوام کیساتھ انصاف ہوگا: تیجسوی یادو

نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو نے ملک کے غریب ترین افراد کو اقل ترین آمدنی کی فراہمی سے متعلق کانگریس کی مجوزہ اسکیم ’نیائے‘ کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہاکہ بہار کے عوام پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور غریبی کی لعنت پر ایک مؤثر ضرب کاری ثابت ہوگی۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ بہار سے عظیم اتحاد جو دراصل سماج کے کچلے ہوئے اور نظرانداز کردہ طبقات کی نمائندگی کرتا ہے، بی جے پی کے زیرقیادت حکمراں این ڈی اے کو بُری طرح دہلادیا ہے۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیاکہ بہار میں اپوزیشن کا مہا گٹھ بندھن محض مختلف جماعتوں کا ایک سیاسی اتحاد ہی نہیں ہے بلکہ سماج کے مختلف گوشوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ تیجسوی نے کہاکہ کانگریس کی مجوزہ ’اقل ترین آمدنی‘ اسکیم کے بہار کے عوام پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ اس اسکیم نے غریب ترین شہریوں کے ہاتھ میں پیسہ رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔ اُنھیں ہر ماہ ایک باقاعدہ آمدنی ہوگی اور وہ بنیادی ضروریات پر خرچ کرسکتے ہیں‘۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ ’بہار کے عوام مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی غریب دشمن پالیسیوں اور اقدامات کے سبب ناانصافی کے شکار ہوئے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس کے لئے ’نیائے‘ (انصاف) مطالبہ کریں اور نیائے حاصل کریں‘۔ تیجسوی نے جن کی پارٹی اس ریاست میں کانگریس اور دیگر چار سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی ہے راہول گاندھی کی طرف سے غریبوں کو سالانہ 72000 روپئے کی آمدنی فراہم کرنے کے اعلان کی تائید کی ہے۔