متھرا، 26 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کی حکومت اب ان غریبوں کو بھی مفت میں بجلی کنکشن دے گی جن کے گھروں پر چھت نہیں ہے اور وہ بی پی ایل کارڈ ہولڈر بھی نہیں ہیں۔ریاست کے وزیر توانائی سری کانت شرما نے کل دیر رات صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ مسٹر شرما نے بتایا کہ مفت بجلی کنکشن کے لئے اب بی پی ایل کارڈ ہولڈر ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ اب ان لوگوں کو بھی یہ سہولت دستیاب کرائی جائے گی جن کے پاس اس طرح کے کا راشن کارڈ نہیں ہیں اورجن کے گھروں پر چھت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو کنکشن ابھی تک دس ہزار میں ملتے تھے حکومت ایسے لوگوں کو 550 روپے میں کنکشن دے گی۔ گاؤں کے لوگوں کو اس کے لئے صرف 50 روپے پہلے دینے ہوں گے اس کے بعد انہیں 50 روپے کی دس قسطیں دینی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ پر متھرا کے دو گاؤں – لوھبن اور گوسنا میں حکومت کی طرف سے بجلی کاری کی گئی ہے ۔ حکومت اگلے سال تک ایک کروڑ 60 لاکھ ایسے گھروں میں بجلی کا کنکشن اپنی طرف سے دے گی جن میں روشنی نہیں ہیں کیونکہ یوگی حکومت کا نعرہ ہے کہ روشنی ہے تو ترقی ہے ۔