غریبوں کا علاج کارپوریٹ ہاسپٹلس کی سماجی ذمہ داری

حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ( کے سی آر ) نے آج کہا کہ ’’ دیہاتوں اور قصبوں میں غریب اور متوسط طبقات کے عوام کو قابل دسترس طبی خدمات کی پیشکش کارپوریٹ ہاسپٹلس کی سماجی ذمہ داری ہونا چاہیئے۔‘‘ اپالوہاسپٹل کے سالانہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے اپالو انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خود کو عالمی معیار کے دواخانوں کے مطابق ایک بہترین دواخانہ کے طور پر پیش کریں۔ انہوں نے اپالو ہاسپٹل پر زور دیا کہ وہ اضلاع بالخصوص دیہی علاقوں تک اپنی خدمات کو وسعت دیں۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ ملک کا یہ ممتاز و معروف طبی ادارہ حیدرآباد میں واقع ہے جہاں علاج کیلئے دنیا بھر کے 150 ممالک سے تعلق رکھنے والے مریض پہنچتے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں صحت و طبابت پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ مرکز کی جانب سے آئی ٹی آئی آر اعلان کیا جاچکا ہے۔ حکومت بہت جلد اپنی بہترین صنعتی پالیسی وضع کرے گی۔ سنگاپور کے صنعت کاروں کا احساس ہے کہ دنیا بھر کے 50فیصد سے زائد مشہور و معروف صنعتی ادارے حیدرآباد کا رُخ کریں گے اگر حکومت یہاں رشوت اور رکاوٹوں سے پاک صاف پُرعزم صنعتی پالیسی نافذ کرے جس سے مقامی نئے صنعت کاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ حیدرآباد 10لاکھ ایکر اراضی کے ساتھ ملک کی ایک بڑی صنعتی راہداری کے طور پر اُبھر سکتا ہے اور منتخب شعبوں میں بنگلور و چینائی پر بھی سبقت حاصل کرسکتا ہے۔