غربت و سماجی عدم مساوات کا خاتمہ حکومت کا ویژن

وجئے واڑہ میں یوم جمہوریہ تقریب ۔ گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن کا خطاب
وجئے واڑہ 26 جنوری ( سیاست نیوز) گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرمسہن نے آج کہا کہ آندھرا پردیش کی حکومت ریاست سے غربت ختم کرنے اور ایک صحت مند ‘ تکنیکی اعتبار سے ترقی یافتہ اور تعلیم پر مبنی سماج کیلئے سماجی و معاشی عدم مساوات کو کم کرنے کا ویژن رکھتی ہے ۔ گورنر نے 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع ر یہاں پرچم کشائی انجام دی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ جب تک ہر شخص ترقی یافتہ نہیں ہوجاتا خوشحال ‘ مسرور اور پرسکون نہیں ہوجاتا اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے تمام تینوں شعبہ جات ‘ زراعت ‘ صنعت اور خذمات کی جانب سے جاریہ اقتصادی سال کے پہلے دو سہ ماہی کے دوران جو رول ادا کیا گیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ریاست نے 6.94 فیصد کے ساتھ ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں اور ڈواکرا گروپس کے قرضہ جات کی معافی ‘ بہبودی پنشن میں پانچ گنا اضافہ ‘ این ٹی آر سوجلا سراونتی پینے کے پانی کی اسکیم ‘ سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھاکر 60 سال کرنے جیسے وعدوں کی تکمیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ آندھرا پردیش کو 2022 تک ملک بھر میں تیسرے نمبر پر اور 2029 تک پہلے نمبر پر لایا جائے اور پھر 2050 تک ریاست کو دنیا کا بہترین مقام بنادیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شراکت سے گاووں کی جامع ترقی کو یقینی بنانے حال ہی میں شروع کردہ اسمارٹ ولیج و اسمارٹ وارڈ پروگرام کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں اور صنعتکاروں اور این آر آئیز نے اس پر اچھے رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر نے یہاں پولیس کے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا ۔ انہوں نے بعد ازاں نو سرکاری محکمہ جات کی جھانکیوں کا مشاہدہ کیا اور فوج ‘ سی آر پی ایف ‘ اسٹیٹ اسپیشل پولیس ‘ این سی سی اور سرکاری اقامتی کالجس کے طلبا کے مارچ پاسٹ کا مشاہدہ بھی کیا ۔ انہوں نے اقامتی اسکول کے طلبا اور 16 ویں اے پی ایس پی بٹالین کو بہترین جتھے کا ایوارڈ بھی پیش کیا ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ ان کے کابینی رفقا ‘ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور سرکاری و ریاستی حکومتوں کے سینئر عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی ۔