غرباء کیلئے غذا کا انتظام کرنا قابل ستائش اقدام

جی ایچ ایم سی کی رعایتی کھانا اسکیم کے استفادہ کنندگان کے ساتھ سماجی جہدکار سوامی اگنی ویش کا تناول طعام
حیدرآباد 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) غرباء کیلئے غذا کا انتظام کرنا قابل ستائش اقدام ہے۔ معروف سماجی جہد کار سوامی اگنی ویش نے آج نامپلی سرائے میں جاری مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائے جانے والی پانچ روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا مشاہدہ کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہو ںنے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کیلئے رعایتی قیمت پر کھانے کی فراہمی سے بھوکے رہ جانے والے افراد کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ غرباء کیلئے رعایتی قیمت پر غذا کا اہتمام کیا جانا اُن کی خود داری کو ٹھیس پہنچائے بغیر انہیں پیٹ بھر کھانا کھلایا جاسکتا ہے ۔ سوامی اگنی ویش نے نامپلی سرائے میں رعایتی قیمت میں سربراہ کئے جانے والے کھانے کا مشاہدہ کیا اور دوپہر کا کھانا تناول کرنے کے بعد غذا کے معیار کو بھی بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے خواہش کریں گے کہ وہ ریاست کے دیگر مقامات تک بھی اس طرح کی رعایتی قیمت پر غذا کی فراہمی اسکیم کو وسعت دیں تا کہ غریبوں کو غذا کے حصول میں ہونے والی دشواریاں ختم ہوجائیں اور بھوک مری کے علاوہ بھوک و افلاس کو دور کرنے میں حکومت کامیاب ہوسکے ۔ سوامی اگنی ویش نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جانے والی اس منفرد اسکیم کے تعلق سے وہ وزیراعظم نریندر مودی کو واقف کروائیں گے اور بہت جلد ان سے ملاقات کرتے ہوئے ملک کی دیگر ریاستوں و شہروں میں جہاں بھوک و افلاس کا تناسب زیادہ پایا جاتا ہے، اس اسکیم کو فوری طور پر شروع کرنے کی خواہش کریں گے ۔ انہو ںنے مقامی استفادہ کنندگان سے روزانہ فراہم کئے جانے والے کھانے کے متعلق تفصیلات سے آگاہی حاصل کی ۔ سوامی اگنی ویش نے ہرے راما ہرے کرشنا مشن کے اس اسکیم میں تعاون کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تنظیموں کی جانب سے اگر سرکاری اداروں کی اعانت کے ذریعہ غریبوں کو غذا کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے تو اس عمل کے ذریعہ ملک بھر میں روزانہ بھوکے سونے والے لاکھوں افراد تک غذا پہنچائی جاسکتی ہے اور ہزاروں بچے جو کہ غذا کے منتظر ہوتے ہیں انہیں کھانا پہنچاتے ہوئے ایک نیک کام کیا جاسکتا ہے جس سے حکومت کی نیک نامی کے ساتھ ساتھ غریب عوام کا بھلا بھی ہوگا ۔