امیتھی / یو پی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )کاشتکاروں کیلئے اپنی جدوجہد کو اپنے لوک سبھا حلقہ امیتھی منتقل کرتے ہوئے امیتھی کے رکن پارلیمنٹ اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی حکومت کو ’’10 میں سے صفر ‘‘ نشانات دیں گے کیونکہ اس نے زراعت اور دیہی مسائل سے اسی انداز میں نمٹا ہے ۔ انہوں نے اپنے تین روزہ دورہ امیتھی کے پہلے دن جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انتقامی سیاست پر عمل پیرا ہے اور بڑے غذائی پارک کو منسوخ کرچکی ہے جو امیتھی میںقائم کیا جانے والا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے واپس حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ بیرونی ممالک کا دورہ کررہے ہیںلیکن ملک میں کاشتکاروں کے مکانات کا دورہ کرنے انہیں فرصت نہیںہے ۔ انہوں نے فصل ضائع ہوجانے کی وجہ سے مصائب کا شکار کاشتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے دریافت کیا کہ انہیں این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کو اُس کے اقتدار کے پہلے سال میںکتنے نشانات دینے چاہئے کانگریس قائد نے کہا کہ اگر آپ کاشتکاروں اور مزدوروں کے بارے میں بات کریں تو میں (مودی حکومت کو ) 10 میں سے صفر نشانات دوں گا۔وہ اخباری نمائندوں سے حیدر گڑھ میں جو ضلع بارہ بنکی میں ہے امیتھی جاتے ہوئے تبادلے خیال کررہے تھے ۔ شنکر گڑھ اسمبلی حلقہ تلوت کی کسان پنچایت میں راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کاشتکاروں کا کوئی احساس نہیں رکھتی۔راہول گاندھی نے میگا فوڈ پارک پراجکٹ امیتھی کو منسوخ کرنے پر بھی مودی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی اپنی انتقامی سیاست سے مجھے نقصان پہنچانا چاہتی ہے لیکن درحقیقت کاشتکار متاثر ہورہے ہیں میںنہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت نے کاشتکارو ںاور امیتھی کے مزدوروں کو متاثر کیا ہے ۔ 10 پڑوسی اضلاع میں بھی بی جے پی اُن کو متاثر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں بی جے پی ایسی ہی سیاست کھیل رہی ہے ۔ پنجاب ‘تلنگانہ ‘مہاراشٹرا اور ہریانہ میں بھی کاشتکاروں کو مدد کی ضرورت ہے لیکن بی جے پی یہاں بھی سیاسی کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سے خوفزدہ نہیں ہوں گے ۔ ہم حکومت پر دباو ڈالیں گے کہ امیتھی میں میگا فوڈ پارک قائم کیا جائے ۔کاشتکاروں نے راہول گاندھی کی تائید میں نعرے لگائے اور اُن کی ستائش کی ۔ اُن کا امیتھی کا دورہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کے دورہ کے بعد ہورہا ہے ۔ کانگریس کے مستحکم گڑھ میں سمرتی ایرانی نے سرنگ کھودنے کی کوشش کی تھی لیکن کامیاب نہیں رہی۔