نئی دہلی 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ 9 ماہ میں پہلی بار افراط زر ماہ فروری میں غذائی اجناس آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے 4.68 فیصد ہوگیا۔ ایک سال قبل فروری میں یہ 7.28 فیصد تھا اور جنوری 2014 ء میں 5.05 فیصد تھا۔ غذائی افراط زر حکومت کے لئے شدید تشویش کا باعث تھا جو فروری میں کم ہوکر 8.12 فیصد ہوگیا تھا۔ آج جاری کردہ اعداد و شمار کے بموجب پیاز کی قیمتوں میں اضافہ فروری میں 20.06 اور آلو کا 8.36 فیصد رہا۔ بحیثیت مجموعی ترکاریوں کی قیمت میں 3.99 فیصد کمی آئی۔ دالوں، غذائی اجناس اور گیہوں کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔ تاہم پھل، دودھ، انڈے، مچھلی اور گوشت سابقہ ماہ کی بہ نسبت مہنگے ہوگئے۔ شکر اور خوردنی اشیاء اور مصنوعات ماہ جنوری کی سطح پر برقرار رہے۔
دہلی میں جرمن طالبہ آٹو ڈرائیور کی مبینہ دست درازی
نئی دہلی ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جرمن کی ایک 23 سالہ ایم بی اے طالبہ نے جو نئی دہلی کے کسی ادارہ میں عبوری خدمات انجام دے رہی ہے، ایک آٹو ڈرائیور کی جانب سے مبینہ دست درازی اور چند دوسروں کی جانب سے اس کی قیمتی اشیاء کے سرقہ کی شکایت کی ہے۔ پولیس نے کہا کہ جرمنی میں ایم بی اے میں زیرتعلیم یہ لڑکی چند ماہ قبل ہندوستان آئی تھی اور میکس ملر بھون میں عبوری خدمات انجام دے رہی تھی، وہ گریٹر کیلاش میں سکونت پذیر تھی۔ اس طالبہ اس کی رواں سال اپریل میں جرمن واپسی مقرر تھی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے بارہ کھمبا روڈ پولیس اسٹیشن کے تحت علاقہ فیروز شاہ روڈ سے 8 جنوری کو ایک آٹو میں سوار ہوئی تھی۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے کہاکہ ’’جب آٹو لاج پتھ نگر پہنچا ڈرائیور نے ایک سنسان مقام پر آٹو کو روک دیا اور انجن میں خرابی کی وجہ بتاتے ہوئے عقبی نشست سے اوزار کی تلاشی کے بہانے سامان کی تلاشی کے بہانے لڑکی پر دست درازی شروع کردی۔ اس دوران چند دیگر افراد بھی وہاں پہنچ گئے اور لڑکی قیمتی اشیاء کا سرقہ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔