’غدار ‘ مکل رائے کے تعلق سے فکرمندی نہیں : ٹی ایم سی

 

کولکتہ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی قیادت نے آج مکل رائے کی گزشتہ روز بی جے پی میں شمولیت کو کچھ بھی اہمیت دینے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ ’’غدار‘‘ ہے جس کی عوام میں کوئی مقبولیت نہیں۔ سینئر ٹی ایم سی لیڈر اور میئر کولکتہ میونسپل کارپوریشن سوان چٹرجی نے کہا کہ پارٹی کو مکل رائے کے تعلق سے ہرگز فکرمندی نہیں ہے۔ ’’ہمیں ایسے شخص کے تعلق سے سوچنے کا وقت نہیں جو اپنے بل پر عوام میں مقبول نہیں۔ ہمیں بہت کچھ کام کرنا ہے اور یہ جلد از جلد انجام دینے کی ضرورت ہے‘‘۔ ایک اور سینئر ٹی ایم سی لیڈر اور رکن ریاستی کابینہ فرحت حکیم نے مکل رائے کو مشورہ دیا کہ اگلے مغربی بنگال اسمبلی چناؤ میں ٹی ایم سی حکومت کو بے دخل کرنے کا خواب نہ دیکھیں کیونکہ یہ ان کیلئے ڈراؤنا خواب بن سکتا ہے۔ ’’وہ ایک غدار ہے جس نے بنگال کے عوام سے دغا کی ۔ وہ ٹی ایم سی کو کچھ نقصان نہ پہونچا پائے گا۔ ہماری پارٹی کی باگ ڈور ممتا بنرجی کے ہاتھ ہے۔ خواب دیکھنا اچھا ہے ، اس میں کچھ نقصان نہیں، لیکن ان کے خواب ڈراؤنا بن سکتے ہیں‘‘۔ سابق ایم پی مکل رائے جو ترنمول کانگریس کے عرصہ تک دوسرے طاقتور لیڈر رہے، گزشتہ روز بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال کے عوام چیف منسٹر ممتا بنرجی کا متبادل چاہتے ہیں اور آئندہ چناؤ میں زعفرانی پارٹی کو ووٹ دے کر اقتدار پر لائیں گے۔
گنگا میں ڈبکی :بہار میں
3خواتین کی دَم گھٹنے سے موت
بیگوسرائے ۔ (بہار) /4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کارتک پورنیما کے موقع پر ہزاروں عقیدت مند گنگا میں مقدس ڈبکی لگانے کیلئے سماریا گھاٹ کے قریب جمع ہوئے اور ہجوم کی وجہ سے دم گھٹنے کے سبب تین معمر خواتین کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس نے ابتداء میں کہا تھا کہ بھگدڑ کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا لیکن سپرنٹنڈنٹ پولیس آدتیہ کمار نے بعد ازاں اس کی تردید کی ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے ہجوم کے سبب دم گھٹنے سے یہ اموات ہوئی ہیں ۔