غازی آباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نامعلوم مسلح بدمعاشوں نے ایک خانگی مالیاتی ادارہ متھوتومنی سے 27 لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور رقم لوٹ لی ۔ یہ واقعہ سہانی گیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں راکیش مارگ برانچ میں کل شام پیش آیا ۔ قبل ازیں متھوٹ فینانس کمپنی کا حوالہ غلطی سے دیا گیا تھا ۔ جب کہ یہ واقعہ متھوتومنی (Muthooth Mini) میں پیش آیا ۔ اس واقعہ کا متھوٹ فینانس سے کوئی تعلق نہں ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ 3 بدمعاش پستول کے ساتھ کمپنی کے آفس پہنچے اور ان میں 2 دفتر میں داخل ہوئے اور طلائی زیورات کے رہن کے بدلے قرض لینے کی خواہش ظاہر کی ۔ جب کیاشیر عابد حسین زیورات کا وزن کررہا تھا اچانک ان کا پستول کیاشیر کے سر پر لگایا اور وہاں موجود رقم اور زیورات حوالے کردینے کا حکم دیا ۔ جب عابد حسین نے مزاحمت کی تو بدمعاشوں نے پستول کے بٹ سے ان کے سر پر مارا اور اسٹاف کے دیگر ارکان کو شوٹ کردینے کی دھمکی دی ، ایک اور ملازم نریندر کمار نے عابد حسین کی مدد کے لیے پہنچا تو اس پر حملہ کردیا گیا اور ملازمین کو دھمکیاں دیتے ہوئے سونا اور دیگر زیورات اور نقد رقم کے ساتھ بدمعاش فرار ہوگئے ۔