لکھنؤ، 10اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش حکومت نے غازی آباد میں ایک سیاسی تربیتی ادارہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادیتیہ ناتھ کی صدارت میں آج کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں غازی آباد میں ایک سیاسی تربیتی ادارہ قائم کرنے کی منظوری دی گئی ۔ اس تربیتی ادارہ کی تعمیر 60بگہہ زمین میں کی جائے گی۔ یہ ملک کا ایسا پہلا سرکاری ادارہ ہوگا جہاں ممبر اسمبلی، کاونسلر، نوجوان اور دیگر جو سیاست میں تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں ، وہ داخلہ لے سکیں گے ۔ ریاستی حکومت نے اس کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کی ہے ۔اس تربیتی ادارہ کے قیام پر 198 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ اس میں اگلے دو برسوں میں تربیت شروع کردی جائے گی۔ حکومت نے ضمنی بجٹ میں ادارہ کے لئے پہلے سے ہی پچاس کروڑ روپے منظور کررکھے ہیں۔ ریاست کے شہری ترقیات کے وزیر سریش کمار کھنہ نے دعوی کیا کہ ادارہ قومی دارالحکومت کے قریب قائم کیا جا رہا ہے ۔ ادارہ میں ملک اور بیرون ملک کی اہم شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے سربراہ یہاں آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اور دیگر لوگوں کو یہاں ڈگری ڈپلوما ملک کی کسی اہم یونیورسٹی سے الحاق ہونے کے بعد دی جائے گی۔