عیسائی طبقہ کیلئے عبادت گاہوں ، ہاسٹلس اور کمیونٹی ہال

حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری (سیاست نیوز) حکومت نے ریاست کے مختلف اضلاع میں عیسائیوں کی عبادت گاہوں ، اسکولس، ہاسپٹلس اور کمیونٹی ہالس کی تعمیر اور قبرستانوں کی نگہداشت کیلئے 14 کروڑ 77 لاکھ 72 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 63 جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ مختلف وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل گورنمنٹ وہپس، ضلع کلکٹرس اور مینجنگ ڈائرکٹرس کرسچین فینانس کارپوریشن کی جانب سے حکومت سے نمائندگی کی گئی کہ مختلف اضلاع میں چرچوں کی تعمیر و مرمت اور اسکول بلڈنگ ، ہاسپٹلس، کمیونٹی ہالس اور قبرستانوں کیلئے فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔ ان درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے مذکورہ عمارتوں اور قبرستان کی تعمیر اور تزئین نو کیلئے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر 14 کروڑ 77 لاکھ 72 ہزار روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹرس اور مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گرانٹ کی منظوری کے سلسلہ میں ضروری دستاویزات اور تخمینہ حکومت کو روانہ کریں۔ یہ فنڈس متعلقہ ضلع کلکٹر کے پاس ہوگا اور وہ اس کے مناسب استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

کے سی آر کی جدوجہد کے سبب تلنگانہ کا قیام : وشویشور ریڈی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس قائد اور انچارج چیوڑلہ کونڈہ وشویشور ریڈی نے آج کہا کہ ٹی آر ایس قائد کے سی آر کی قربانی جدوجہد کے سبب آج تلنگانہ ایک حقیقت بنا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دادا اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش کے وی رنگاریڈی نے علحدہ تلنگانہ کا خواب دیکھا تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی آر کی کامیابی پر بے حد خوش ہیں ۔ جب کہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر کی کوششوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنے مقام تلنگانہ کی ترقی کے لیے انتھک کوشش کریں ۔۔