عیسائی برادری کے ساتھ میسور میں اظہار ِیگانگت

مسلمان اتوار کو چرچوں کے سامنے اکٹھا ہوں : جماعت اسلامی میسور
میسور۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جماعت اسلامی ہند کی میسور شاخ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار کو گرجا گھروں میں سنڈے سرویس کے موقع پر ان کے باہر کھڑے رہ کر عیسائی برادری کے ساتھ اظہار یگانگت کریں۔ جماعت اسلامی میسور کے صدر منور پاشاہ نے کہا کہ اس اپیل کا مقصد یہ پیغام پہچانا ہے کہ مسلمان اور دیگر برادریاں عیسائیوں کے اس دکھ درد کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ یہ پیغام ایک آڈیو میں دیا گیا ہے جو سوشیل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔ جناب پاشاہ نے کہا کہ جب گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ کیا گیا تو مسلمانوں کی متعدد برادریوں کی طرف سے جو ہمدردیاں حاصل ہوئیں، اس سے وہ بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کندھے سے کندھا ملاکر شدت پسند دایاں بازو کے دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہوگئے۔ باشا نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف گوشوں میں عیسائیوں، یہودیوں، سکھوں وغیرہ کو مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اور ان کے ساتھ یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھے گئے۔